ماں کی ڈانٹ سے ناراض لڑکی نے زہر کھا یا، اسپتال میں علاج کے دوران موت
بھوپال، 20 اپریل (ہ س)۔ راجدھانی بھوپال میں 14 سالہ لڑکی کے ذریعہ زہریلی چیز کھا کر خودکشی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس نے یہ قدم اس لیے اٹھایا کیونکہ وہ اپنی ماں کی ڈانٹ سے ناراض تھی۔ تاہم جائے وقوعہ سے کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا ہے۔
علامتی تصویر


بھوپال، 20 اپریل (ہ س)۔ راجدھانی بھوپال میں 14 سالہ لڑکی کے ذریعہ زہریلی چیز کھا کر خودکشی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس نے یہ قدم اس لیے اٹھایا کیونکہ وہ اپنی ماں کی ڈانٹ سے ناراض تھی۔ تاہم جائے وقوعہ سے کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ واقعہ گاندھی نگر علاقہ میں پیش آیا۔ یہاں وکاس نگر کے ساکن شنکر سونی کی بیٹی روپالی سونی (14) نے اس سال دسویں جماعت کا امتحان دیا تھا۔ روپالی خاندان کی اکلوتی بیٹی تھی۔ بتایا گیا کہ وہ فون پر بہت زیادہ وقت گزارتی تھی جس کی وجہ سے اس کی والدہ اسے اکثر ڈانٹتی تھیں۔ جمعہ کی دوپہر کو بھی اس کی ماں نے اسے ڈانٹا تھا۔ متوفیہ کے پھوپھا شیام کمار سونی نے بتایا کہ ماں کی ڈانٹ سے ناراض ہو کر اس کی بھتیجی نے گھر میں رکھا چوہے کا زہر کھا لیا۔ اسے قے کرتے دیکھ کر والد اور والدہ اسے اسپتال لے گئے۔ جہاں علاج کے دوران آج اتوار کی صبح اس کی موت ہو گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کے تفصیلی بیانات تاحال ریکارڈ نہیں کیے جا سکے ہیں۔ لڑکی کے پاس سے کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا ہے۔ اس لیے خودکشی کی اصل وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ کیس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ اتوار کی دوپہر پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande