بھوپال، 19 اپریل (ہ س)۔ کوآپریٹو وزیر وشواس کیلاش سارنگ نے ہفتہ کو نریلا اسمبلی کے تحت عیش باغ ریلوے اوور برج کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران وزیر سارنگ نے تعمیراتی کام میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ مدت میں کام کو معیار کے ساتھ مکمل کریں تاکہ عوام کو جلد فوائد مل سکیں۔
وزیر سارنگ نے بتایا کہ عیش باغ آر او بی کا تقریباً 95 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے تعمیراتی کام کو تیز کرنے اور اسے 15 جون تک مکمل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ سارنگ نے کہا کہ علاقے میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤکی وجہ سے ٹریفک کا ایک بڑا مسئلہ تھا، وہیں اب عیش باغ اسٹیڈیم کے سامنے آر او بی کی تعمیر سے مہامائی باغ، پشپا نگر اور اسٹیشن ایریا سے نیو بھوپال جانے والے لوگوں کے لیے ایک بڑا تحفہ ہوگا۔
وزیر سارنگ نے کہا کہ علاقہ مکینوں کی سہولت کے لئے نریلا اسمبلی میں 10-10 فلائی اوور شروع کئے گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نریلا اسمبلی کو ’’فلائی اوور اسمبلی‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیش باغ اسٹیڈیم کے سامنے فلائی اوور سے پورے علاقے کے ٹریفک نظام میں مثبت تبدیلی آئے گی جس سے شہریوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔ ہم نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ اب آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
آر او بی کے معائنہ کے دوران وزیر سارنگ نے عیش باغ اسٹیڈیم کے قریب پارکنگ کی تعمیر کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ اسٹیڈیم آفس کے سامنے واقع پاور ہاوس کو دوسری طرف منتقل کر کے وہاں پارکنگ کی ایک منظم جگہ بنائی جائے۔ اس موقع پر محکمہ تعمیرات عامہ (پل)، ضلع انتظامیہ، ٹریفک اور میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن