راجوری کے کالاکوٹ علاقے میں تیز آندھی و موسلادھار بارش سے بھاری تباہی
راجوری کے کالاکوٹ علاقے میں تیز آندھی و موسلادھار بارش سے بھاری تباہی جموں، 19 اپریل (ہ س)۔ ضلع راجوری کے سب ڈویژن کالا کوٹ میں جمعہ کی شام آنے والی شدید آندھی، گرج چمک، ژالہ باری اور موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں درجنوں خاندان بے
Windstrom


راجوری کے کالاکوٹ علاقے میں تیز آندھی و موسلادھار بارش سے بھاری تباہی

جموں، 19 اپریل (ہ س)۔ ضلع راجوری کے سب ڈویژن کالا کوٹ میں جمعہ کی شام آنے والی شدید آندھی، گرج چمک، ژالہ باری اور موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں درجنوں خاندان بے گھر ہوگئے جبکہ سرکاری و نجی املاک کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا۔ سب سے زیادہ تباہی تحصیل کالا کوٹ اور بلاک موغلا میں دیکھنے کو ملی، جہاں تیز رفتار طوفانی ہواؤں نے ٹین کی چھتوں والے مکانات کو زمین بوس کر دیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کالا کوٹ تنویر احمد کے مطابق تقریباً سو مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں، جب کہ متعدد اسکول عمارتوں کی چھتیں بھی اکھڑ گئی ہیں۔ اے ڈی سی تنویر احمد نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں بیشتر غریب خاندانوں نے اپنی محدود آمدنی سے مکانات تعمیر کیے تھے۔ طوفان نے ان کی چھتیں اڑا دیں اور سارا گھریلو سامان تباہ ہو گیا ہے۔انتظامیہ نے امدادی کارروائیوں کے لیے بلاک موغلا سمیت دیگر علاقوں میں کئی ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی ہیں، جبکہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید خراب موسم کی پیشن گوئی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

طوفان سے بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ درجنوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے، بجلی کے کھمبے اور تاریں ٹوٹنے سے بجلی کی ترسیل مکمل طور پر منقطع ہوگئی۔ کالا کوٹ میں ایس کے ایم ای اسکول کی عمارت بھی متاثر ہوئی ہے۔علاقہ مکینوں نے حکومت سے فوری مالی امداد اور معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے اے ڈی سی تنویر احمد کا کہنا تھا کہ نقصانات کے تخمینے کے لیے ٹیمیں سرگرم ہیں اور متاثرین کو ترجیحی بنیادوں پر امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ تمام متاثرہ علاقوں میں جائزہ رپورٹس مرتب کی جا رہی ہیں، اور عوام کو احتیاطاً گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، اور بنیادی سہولیات کی بحالی کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande