جموں شہر میں مجوزہ بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم حکومتِ جموں و کشمیر کا منصوبہ نہیں تھا ۔عمر عبداللہ
جموں، 25 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز کہا کہ جموں شہر میں مجوزہ بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم حکومتِ جموں و کشمیر کا منصوبہ نہیں تھا۔ اسمبلی کے سوال و جواب کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجالتہ، جموں میں بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کا منصوبہ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سی اے) کی جانب سے شروع کیا گیا تھا، لیکن یہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا۔ یہ حکومتِ جموں و کشمیر کا منصوبہ نہیں تھا۔
واضح ہو کہ اس اسٹیڈیم کا 18 مارچ 2012 کو اس وقت کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دور میں سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔ تاہم، وزیر برائے یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس، ستیش شرما نے ایوان کو بتایا کہ ان کے محکمے نے تاحال جموں میں کسی بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کی کوئی تجویز نہیں دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ان کی حکومت ان انتظامی یونٹس کی ترقی کے لیے پُرعزم ہے، جو ان کے گزشتہ دورِ حکومت میں قائم کیے گئے تھے، اور ان کے لیے ضروری انفراسٹرکچر وقت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔
کانگریس کے ایم ایل اے جی اے میر کے ضمنی سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اننت ناگ کے ڈورو میں منی سکریٹریٹ کی تعمیر 2018 میں جموں و کشمیر پروجیکٹس کنسٹرکشن کمپنی کے ذریعے 5.90 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سے شروع کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کام بنیاد کی سطح تک مکمل کیا گیا تھا اور جزوی ادائیگیاں بھی ہو چکی تھیں، لیکن 2021 میں تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) میں لاگت 5.98 کروڑ روپے تک پہنچنے کے بعد مزید منظوری نہ ملنے کی وجہ سے کام رُک گیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2021 کی ڈی پی آر کو بھی موجودہ شیڈول آف ریٹس (ایس او آرز) کے مطابق از سرِ نو جانچ کی ضرورت ہے تاکہ لاگت میں اضافے کو مدنظر رکھا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حتمی فیصلہ اس از سرِ نو جائزے کے بعد لیا جائے گا۔ ستیش شرما نے مزید بتایا کہ مرکزی حکومت نے 19۔2018 میں کھیلو انڈیا اسکیم کے تحت چار منصوبوں کے لیے 14.75 کروڑ روپے جاری کیے تھے، جن میں سے 13.67 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
شیخ خورشید احمد کے سوال کے جواب میں وزیر نے بتایا کہ دو منصوبے— ایک پولو گراؤنڈ سری نگر میں مصنوعی ہاکی ٹرف اور دوسرا کے کے ہکو اسٹیڈیم جموں میں مکمل ہو چکے ہیں اور فعال ہیں، جبکہ باقی دو، بارہمولہ کے تولیبل میں مصنوعی ایتھلیٹک ٹریک اور بڈگام میں انڈور اسپورٹس ہال تاحال زیر تعمیر ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر