پٹنہ،12مارچ(ہ س)۔راشٹریہ جنتادل کے سرکردہ رہنما،کانٹی مظفر پور کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر محمد اسرائیل منصوری نے اعلان کیا ہے کہ آر جے ڈی انتہائی پسماندہ سیل کے زیر اہتمام آئندہ 3 مئی کو پٹنہ کے ملر ہائی اسکول میدان میں انتہائی پسماندہ ذاتوں کی ایک بڑی ریلی منعقد کی جائےگی جس کا افتتاح پارٹی کے قومی صدر لالو پرساد یادو کریں گے جب کہ سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی سمیت سرکردہ شخصیتوں کی بھی مہمانان کی حیثیت سے شرکت ہوگی۔ بہار قانون ساز اسمبلی میں حزب مخالف کے رہنما اور سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد یادو ریلی میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوں گے۔ آر جے ڈی رہنما اسرائیل منصوری منگل کو پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ آر جے ڈی انتہائی پسماندہ سیل کے ریاستی صدر اروند کمار چودھری، رکن اسمبلی بھرت بھوشن منڈل، رکن کونسل ڈاکٹر ارمیلا ٹھاکر، سابق ایم پی انیل کمار سہنی، ریاستی ترجمان اعجاز احمد، ڈاکٹر پریم کمار گپتا، مدن چودھری اور ڈاکٹر کمار گورو نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور کہاکہ سیل کی میٹنگ میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیاگیاکہ 3مئی 2025 کو ملر ہائی اسکول میدان میں اتی پچھڑا ریلی کا انعقاد کرکے ریاست میں انتہائی پسماندہ ذاتوں کے اتحاد کا مظاہرہ کیاجائےگا اور اس طبقہ کو آبادی کے تناسب میں حصہ داری کیلئے بیدار کیاجائےگا۔ سابق وزیر محمد اسرائیل منصوری نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے خصوصی پہل کرکے بہار میں ذات پرمبنی گنتی کا تاریخی کارنامہ انجام دلوایا اور ریزرویشن کے موجودہ نظام کے تحت 5.49فیصد کو بڑھاکر 65 فیصد کردیا جس کیلئے قانون سازیہ کے دونوں ایوانوں اسمبلی و کونسل سے اتفاق رائے سے بل منظور کرایاگیا اور اسے قانون شکل دی گئی لیکن مرکز کی این ڈی اے حکومت کے ذریعہ بہار کے 65 فیصد ریزرویشن قانون کو آئین کے 9ویں شیڈیول میں شامل نہیں کئے جانے کے سبب عدالت نے یہ قانون خارج کر دیا۔ اس کیلئے سیدھے طور پر بی جے پی ذمہ دار ہے جو ریزرویشن چور ہے اور ریزرویشن خور ہے۔ انہوں نے کہاکہ 65 فیصد بہار ریزرویشن میں انتہائی پسماندہ طبقہ کی حصہ داری 18سے بڑھاکر 25 فیصد کر دی گئی۔ تیجسوی یادو نے انتہائی پسماندہ ذاتوں کو آگے بڑھانے کےلئے سنجیدہ کوشش کی۔ اس تیجسوی جی نے بہار میں ترقی کا نیا ماڈل پیش کرنے کا اعلان کیاہے جس سے برسراقتدار این ڈی اے پریشان ہے۔ تیجسوی کا اعلان بہار کی سیاست کیلئے تاریخی بن چکاہے جس پر عمل کرنا دوسری پارٹیوں کی بھی مجبوری بن جائےگی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan