احمد آباد، 12 فروری (ہ س)۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کو تیسرے ون ڈے میں 142 رنوں کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-3 سے جیت لی۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 356 رنوں کا بڑا اسکور بنایا جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 34.2 اوورز میں 214 رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔
بھارت کی جانب سے دیے گئے 357 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے آئی انگلینڈ کی ٹیم کو اچھا آغاز ملا تاہم بھارتی گیند بازوں نے جلد ہی میچ پر قبضہ جما لیا۔ فل سالٹ اور بین ڈکٹ کے درمیان 60 رن کی اوپننگ پارٹنرشپ ہوئی لیکن اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنتی رہی۔ انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر صرف 6 رن بنانے کے بعد آوٹ ہوگئے جب کہ جو روٹ 24 رن ہی جوڑ سکے۔
ہندوستانی گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ارشدیپ سنگھ، ہرشیت رانا، اکشر پٹیل اور ہاردک پانڈیا نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ واشنگٹن سندر اور کلدیپ یادیو کو 1-1 کامیابی ملی۔
اس سے قبل ٹاس ہار کر بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کو پہلا جھٹکا کپتان روہت شرما (ایک رن) کی صورت میں لگا۔ اس کے بعد کوہلی اور گیل نے اننگز کو سنبھالا اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 116 رنوں کی شراکت قائم کی۔ کوہلی 52 رن بنانے کے بعد آوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد شریش ایر نے گیل کے ساتھ مل کر 104 رن جوڑے اور ٹیم کا اسکور 226 تک پہنچا دیا۔ اس کے بعد سنچری بنانے والے گیل 112 رن پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ہاردک پانڈیا (17 رن)، اکشر پٹیل 13 رن، واشنگٹن سندر 14 رن، ہرشیت رانا 13 رن نے ایر کا ساتھ دیا جس کی وجہ سے ٹیم کا اسکور 356 تک پہنچ سکا۔ ایر نے 78 رنوں کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ مارک ووڈ کو دو اور شکیب محمود، گس اٹکنسن اور جو روٹ کو ایک ایک کامیابی ملی۔
شبھمن گل پوری ون ڈے سیریز میں زبردست فارم میں نظر آئے۔ انہوں نے پہلے میچ میں 87 اور دوسرے میچ میں 60 رن بنائے۔ تیسرے میچ میں انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 7ویں سنچری اسکور کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن