واشنگٹن، 11 فروری (ہ س)۔ امریکہ میں پیر کو دو نجی طیاروں کے آپس میں ٹکرانے سے کم از کم ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ اسکاٹسڈیل ایئرپورٹ کی ترجمان کیلی کوسٹر نے کہا کہ آسٹن سے آنے والا ایک لیرجیٹ رن وے 35 اے پر پہلے سے کھڑے جیٹ سے ٹکرا گیا۔ ایسا لگتا ہے کہ لینڈنگ پر لیرجیٹ کا بائیں مین گیئر ناکام ہو گیا ہے۔ اسکاٹسڈیل ایئرپورٹ فینکس سے تقریباً 22 میل شمال مشرق میں واقع ہے۔
یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق، پیر کی سہ پہر سکاٹس ڈیل فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کیپٹن ڈیو فولیو نے تصدیق کی کہ حادثے میں ایک شخص ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوئے۔ ان میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ ایر جیٹ 35 اے لینڈنگ کے بعد رن وے سے پھسل گیا اور ایریزونا کے اسکاٹسڈیل میونسپل ایئرپورٹ پر دوپہر 2:45 بجے کے قریب کھڑی گلف اسٹریم 200 بزنس جیٹ سے ٹکرا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل واشنگٹن ڈی سی میں ایک مسافر طیارے اور امریکی فوج کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے درمیان فضائی تصادم میں 67 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فلاڈیلفیا میں میڈیکل جیٹ کے حادثے میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔ اس سے قبل الاسکا میں طیارے کے حادثے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عبدالواحد