
ناسک ، 8 دسمبر (ہ س)۔ ناسک کے کلوان تحصیل میں اتوار کی شام پیش آنے والے ایک حادثے میں ایک کار تقریباً 600 فٹ گہری کھائی میں گرنے سے چھ افراد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ حادثہ سپتشرنگا گڑھ گھاٹ کے مقام پر پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی اور پیر کی صبح تک تمام لاشوں کو باہر نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کر دیا گیا۔ زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کر کے علاج شروع کر دیا گیا ہے۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ روہت کمار راجپوت نے بتایا کہ کار میں کل سات افراد سوار تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں کیرتی پٹیل (50)، رسیلا پٹیل (50) اور ون پٹیل (70) شامل ہیں۔ ریسکیو عملے نے رات بھر کارروائی جاری رکھی تاکہ کھائی میں پھنسے افراد اور کار کو نکالا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اس المناک حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے اہل خانہ کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، اور آئندہ چند دنوں میں مکمل رپورٹ تیار کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے