
جموں, 31 دسمبر (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ میں ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سنٹر کے زیر اہتمام مشن یوا اسکیم کے تحت ایک روزہ خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ یہ خواتین سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے خود روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہیں اور معاشی طور پر خود کفیل بن رہی ہیں۔
پروگرام میں ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور موقع پر قائم مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا، جہاں خواتین کی جانب سے تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کی گئی تھی۔ ان مصنوعات میں کپڑے، سلائی کڑھائی کا سامان، سیڈز، کھاد، اچار اور دیگر گھریلو و زرعی اشیاء شامل تھیں۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے جاری مختلف اسکیموں سے خواتین نے بھرپور استفادہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں آج وہ نہ صرف اپنے اہلِ خانہ کی کفالت کر رہی ہیں بلکہ دیگر خواتین کے لیے بھی روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے خواتین کو بینک قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں اور بینکوں و متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی تال میل کے ذریعے قرضہ جات کے حصول میں درپیش رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے۔
پروگرام کے دوران خواتین شرکاء نے اپنے مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا اور ان کے جلد از جلد حل کا مطالبہ کیا، جس پر انہوں نے مسائل کے بروقت ازالے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ضلع کے مختلف علاقوں سے آئی خواتین نے اپنی کامیابی کی کہانیاں بھی بیان کیں، جس سے دیگر خواتین کو خود روزگار کی طرف راغب ہونے کی ترغیب ملی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر