
بالی ووڈ کے دو لیجنڈری ستاروں امیتابھ بچن اور آنجہانی اداکار دھرمیندر کے درمیان دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ فلم شعلے میں ان کی جئے-ویرو کی جوڑی شائقین کے دلوں میں گہرائی سے جمی ہوئی ہے۔ حال ہی میں ’کون بنے گا کروڑ پتی 17‘ کے سیٹ پر امیتابھ بچن نے اپنے قریبی دوست دھرمیندر کو یاد کیا اور انہیں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ایک خاص اور یادگار واقعہ شیئر کیا، جس کی ایک ویڈیو شو کے پروڈیوسرز نے سوشل میڈیا پر جاری کی اور تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
فلم 21 کی ٹیم پروموشن کے لیے کے بی سی 17 پر پہنچی، جس میں ہدایت کار سری رام راگھون، اداکار اگستیہ نندا اور جیدیپ اہلاوت بھی شامل تھے۔ بات چیت کے دوران امیتابھ بچن نے اپنے ’شعلے‘ کے دنوں کی یاد تازہ کی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایک جذباتی منظر میں اسکرین پر دکھایا گیا درد واقعی حقیقی تھا۔ امیتابھ کا کہنا تھا کہ دھرم جی نہ صرف ایک عظیم ہیرو تھے بلکہ ایک پہلوان بھی تھے اور اس سین میں انہوں نے انہیں اس قدر مضبوطی سے تھام لیا تھا کہ واقعی درد کا احساس ہوا۔
سیٹ پر موجود ہر شخص امیتابھ بچن کی جذباتی یاد سے متاثر ہوا۔ غور طلب ہے کہ دھرمیندر کی آخری فلم 21 یکم جنوری 2026 کو تھیٹر میں ریلیز ہونے والی ہے۔ اس لیے کے بی سی 17 اسٹیج سے ان کے بارے میں بولے گئے یہ الفاظ مداحوں کے لیے انتہائی خاص ہو گئے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی