
نئی دہلی، 30 دسمبر (ہ س)۔ ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2026 9 جنوری سے شروع ہو رہی ہے۔ فائنل میچ 5 فروری کو کھیلا جائے گا۔ اس سیزن کے آغاز سے پہلے ہی رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) اور دہلی کیپٹلس (ڈی سی) کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ آر سی بی کے اسٹار آل راؤنڈر ایلیس پیری اور ڈی سی کی اینابیل سدرلینڈ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر ڈبلیو پی ایل کے چوتھے سیزن سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔
منگل کو ڈبلیو پی ایل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آر سی بی نے پیری کی جگہ سیالی ستگھرے کو شامل کیا ہے۔ ستگھرے 30 لاکھ روپے کی ریزرو قیمت پر آر سی بی میں شامل ہوں گی۔ دریں اثناء ڈی سی نے سدرلینڈ کی جگہ آسٹریلوی اسپنر الانا کنگ کو شامل کیا ہے۔ کنگ 60 لاکھ روپے کی ریزرو قیمت پر ڈی سی میں شامل ہوں گی۔
یوپی نے چارلی ناٹ پر دستخط کئے
یوپی واریئرز کو بھی بڑا جھٹکا لگا ہے۔ بائیں ہاتھ کی میڈیم پیسر تارا نورس بھی ڈبلیو پی ایل 2026 میں کھیلتی نظر نہیں آئیں گی۔ ڈبلیو پی ایل نے بتایا کہ نورس کو نیپال میں 18 جنوری سے یکم فروری 2026 تک منعقد ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر 2026 کے لیے یو ایس اے کی قومی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ ان کی جگہ آسٹریلوی آل راؤنڈر چارلی ناٹ سے 10 لاکھ روپے کی ریزرو قیمت پر دستخط کیے گئے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی