
بریلی، 30 دسمبر (ہ س)۔ اترپردیش میں بریلی ضلع کے بارہ دری تھانہ علاقے میں واقع اعجاز نگر گوٹیا میں منگل کی صبح ایک زبردست آگ لگنے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ نوری مسجد کے قریب واقع دو منزلہ فرنیچر فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ چند ہی منٹوں میں اس نے خوفناک شکل اختیار کر لی۔ فیکٹری سے بلند شعلوں اور گاڑھا دھواں اٹھتے دیکھ کر آس پاس کے لوگ خوفزدہ ہوگئے اور جان بچانے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے۔
آگ صبح 10 بجے کے قریب نوادہ سیکھن کے رہائشی یامین ولد عبدالمجید کی فرنیچر فیکٹری میں لگی۔ عینی شاہدین کے مطابق پہلے دھواں اٹھا تھا اور پھر پوری عمارت شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی۔ فیکٹری میں ذخیرہ شدہ فرنیچر اور بڑی مقدار میں کچی لکڑی جلنے لگی اور آگ نے شدت اختیار کر لی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ فائر فائٹرز نے گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ چیف فائر آفیسر منو شرما کا کہنا تھا کہ آگ بہت بھیانک تھی، لیکن بروقت اس پر قابو پالیا گیا۔ قریبی مکانات کو بچا لیا گیا۔ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ دیگر وجوہات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس آگ میں 50 سے 70 لاکھ روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیم معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی