
ممبئی
، 29 دسمبر(ہ س)۔
صنعت کار گوتم اڈانی اور پوار خاندان کے درمیان
قربت کے تازہ مناظر اور دونوں این سی پی دھڑوں کے سیاسی رویوں میں یکسانیت نے
مہاراشٹر کی سیاست میں نئی جوار بھاٹا پیدا کر دی ہے۔ اتوار کو بارامتی میں اڈانی
کے ہمراہ شرد پوار اور اجیت پوار کا ایک ہی اسٹیج پر ہونا، اور اسی روز شرد
گروپ–اجیت گروپ کا پی ایم سی انتخابات مشترکہ لڑنے کا اعلان، مستقبل میں محاذ بندی
میں تبدیلی کے اشارے تصور کیے جا رہے ہیں۔
ونچت
بہوجن اگھاڑی سربراہ پرکاش امبیڈکر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’چچا–بھتیجا پھر ایک
ہو چکے ہیں۔ یہی دونوں این سی پیز کا اتحاد ہے اور یہ شرد پوار کا بی جے پی میں
قدم رکھنے کی ابتدا ہے۔ شرد پوار جو بولتے ہیں اس کے مخالف راستے پر چلتے ہیں۔ آگے
چل کر سپریا سولے مرکزی وزیر بنیں اور اجیت پوار مہاراشٹر سنبھالیں، تو سیکولر
رائے دہندہ حیران نہ ہو‘‘۔
شیو سینا
(یو بی ٹی) کے سنجے راوت نے کہا کہ ’’اڈانی اور شرد پوار کا تعلق ذاتی ہے، لیکن این
سی پی کو توڑنے کا کردار کس نے ادا کیا یہ بھی یاد رہنا چاہئے — وہ اڈانی ہی
تھے‘‘۔
بارامتی
میں ’’شرد چندر پوار سینٹر آف ایکسیلنس اِن اے آئی‘‘ کے افتتاح کے دوران اڈانی نے
کہا کہ ’’شرد پوار صاحب نے بارامتی کو پورے بھارت کیلئے نمونہ بنا دیا۔ ان کی بصیرت،
نرم دلی اور عوامی وابستگی نے ہمیشہ متاثر کیا۔ وہ میرے لیے ہمیشہ مینٹر رہے‘‘۔
شرد پوار نے جواب میں کہا کہ اڈانی نے محدود وسائل کے باوجود محنت اور مواقع سے
اپنی سلطنت کھڑی کی۔ سپریا سولے نے کہا کہ ’’اڈانی ہمارے لیے بڑے بھائی کی طرح ہیں‘‘۔
اجیت
پوار نے بتایا کہ اڈانی گروپ کا سی ایس آر فنڈ اس وقت 1000 کروڑ ہے اور دو سال میں
یہ 3000 کروڑ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اڈانی اکثر دیوالی پر بارامتی
آکر مبارکباد دیتے ہیں اور تعلق برسوں پرانا ہے۔
گوتم
اڈانی اس سے قبل 2022 میں بھی بارامتی آئے تھے جہاں انہوں نے سائنس و انوویشن ایکٹیویٹی
سنٹر کا افتتاح کیا تھا۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے