
سانگلی ، 29 دسمبر(ہ س)۔
سانگلی کے اسلام پور علاقے میں ایک دردناک
حادثے میں تین مزدور سیپٹک ٹینک میں زہریلی گیس سے بے ہوش ہو کر جاں بحق ہو گئے،
جبکہ پانچ دیگر مزدوروں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثہ اتوار کی شام
بامبے رے اون کمپنی کے احاطے میں پیش آیا جو واگھاواڑی پھاٹا اور پیتھ ناکا کے درمیان
پونے–بینگلورو ایشین انٹرنیشنل ہائی وے پر واقع ہے۔
انسپکٹر
سومناتھ واگھا کے مطابق صفائی کے دوران پہلا مزدور اندر اترا اور واپس نہ نکلنے پر
دوسرا اور تیسرا بھی اندر گیا، لیکن تینوں زہریلے دھوئیں کا شکار ہو کر بے ہوش ہو
گئے۔ انہیں دیکھنے کیلئے دیگر پانچ ساتھی اندر گئے تو وہ بھی گیس سے متاثر ہو گئے۔
کمپنی کی اطلاع پر پولیس اور فائر بریگیڈ نے ریسکیو مہم شروع کی اور تمام آٹھ
افراد کو باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
ہلاک
ہونے والوں میں وشال سبھاش جادھو (35)، سچن تاناجی جادھو (39) اور ساگر رنگ راؤ
مالی (33) شامل ہیں۔ زخمیوں میں مہادیو رام چندر کدم (46) کی حالت خراب ہونے پر
انہیں کولہاپور کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ سنیل آنند پوار (29)، country قشاف آنند سلوکھے (45)، ہیمنت شںکر دھنواڈے (27) اور وشال ماروتی
چاؤگولے (29) اسلام پور کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس
نے کمپنی کی جانب سے مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے پر غفلت کا مقدمہ درج کرتے
ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے