پروفیسر شمس تبریز خان اے ایم یو کے شعبہ زرعی مائیکروبایولوجی کے چیئرمین مقرر
علی گڑھ، 28 دسمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ زرعی مائیکروبایولوجی سے وابستہ پروفیسر شمس تبریز خان کو آئندہ تین سال کے لئے شعبہ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ پروفیسر خان نے جاپان کی ٹویوہاشی یونیورسٹی آف ٹکنالوجی سے 2002 میں پی ایچ ڈ
پروفیسر شمس تبریز خان


علی گڑھ، 28 دسمبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ زرعی مائیکروبایولوجی سے وابستہ پروفیسر شمس تبریز خان کو آئندہ تین سال کے لئے شعبہ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

پروفیسر خان نے جاپان کی ٹویوہاشی یونیورسٹی آف ٹکنالوجی سے 2002 میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے جاپان کے ممتاز تحقیقی اداروں میں خدمات انجام دیں، جن میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ ایویلیوئیشن، جاپان بایولوجیکل انفارمیٹکس کنسورٹیم اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ انڈسٹریل سائنس اینڈ ٹکنالوجی، ٹوکیو شامل ہیں۔ انہوں نے اے ایم یو سے وابستگی سے قبل کنگ سعود یونیورسٹی، ریاض میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ مئی 2017 میں اے ایم یو سے وابستہ ہونے کے بعد وہ 2020 میں پروفیسر مقرر ہوئے۔

پروفیسر خان کے 87 سے زائد تحقیقی مقالے بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں اور وہ متعدد عالمی کانفرنسوں میں اپنی تحقیق پیش کر چکے ہیں۔ انہیں ایک نئے کیروٹینائڈ کی دریافت پر جاپانی حکومت کا پیٹنٹ بھی حاصل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے سمندروں سے کئی نئے مائیکروبیئل اجناس اور انواع کی شناخت کی ہے، جنہیں بین الاقوامی کلچر کلیکشنز میں محفوظ کیا گیا ہے۔ انہوں نے برگیز مینول آف سسٹمیٹکس آف آرکائی اینڈ بیکٹیریا کے لئے بھی ایک باب تحریر کیا ہے۔

پروفیسر خان کو حکومت ہند کی جانب سے نیدرلینڈز کی یوٹریخت یونیورسٹی کے اشتراک سے ایک اسپارک پروجیکٹ بھی ملا ہے۔ وہ اے ایم یو میں اسسٹنٹ ڈین، اسٹوڈنٹس ویلفیئر سمیت مختلف انتظامی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اور یونیورسٹی کی اہم کمیٹیوں کے رکن بھی رہے ہیں۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande