
نئی دہلی، 22 دسمبر (ہ س)۔ دارالحکومت دہلی میں ایک بار پھر تیز رفتاری کی تباہی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں ایک تیز رفتار آڈی کار نے پہلے تین گاڑیوں کو ٹکر ماری اور پھر اوکھلا فیز ون علاقے کی سروس لین میں سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک کے پیچھے سے ٹکرا گئی۔ واقعے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ تصادم اتنا زوردار تھا کہ کار کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی کی جان نہیں گئی۔ گاڑی کا ڈرائیور بھی بحفاظت باہر نکل آیا۔
جنوبی مشرقی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈاکٹر ہیمنت تیواری نے بتایا کہ پیر کی دوپہر تقریباً 12.30 بجے اطلاع ملی کہ ایک کار نے کئی گاڑیوں کو ٹکر مار دی ہے۔ اطلاع ملتے ہی اوکھلا تھانہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے تین گاڑیاں تباہ شدہ حالت میں ملی ہیں۔ جبکہ آڈی کار سروس روڈ پر کھڑے ٹرک کے پیچھے سے ملی۔ موقع پر موجود سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ ہم اندر بیٹھے کھانا کھا رہے تھے کہ ہم نے زور دار ٹکر سنی۔ جب ہم باہر نکلے تو دیکھا کہ پیچھے سے ایک کار ٹرک سے ٹکرا گئی ہے جس میں کار کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا لیکن ڈرائیور اندر سے محفوظ نکل آیا تھا۔
ایک اور عینی شاہد اجیت کمار نے بتایا کہ گاڑی تیز رفتاری سے چل رہی تھی۔ خوش قسمتی تھی کہ سڑک پر کوئی نہیں چل رہا تھا ورنہ بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔ پولیس فی الحال معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی