
بجنور، 22 دسمبر (ہ س)۔ اترپردیش کے بجنور ضلع کے نانگل تھانہ علاقے کے نانگل ہریدوار روڈ پر رات دیر گئے کار اور ڈمپر کے درمیان تصادم میں مولانا سمیت چار افراد کی موت ہو گئی۔ کار میں سوار افراد مذہبی اجتماع میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق راحت پور خورد گاؤں میں اجتماع منعقد ہوا تھا، جہاں مولانا قاری اقبال خطبہ دینے آئے تھے۔ اجتماع کے بعد کچھ لوگ راحت پور سے سرائے پور گاؤں قاری اقبال کو چھوڑنے جا رہے تھے۔ جالپور گاؤں کے قریب ان کی تیز رفتار کار ایک ڈمپر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ کار کا ایئر بیگ کھلنے میں ناکام رہا، جس سے چار لوگ ہلاک ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی گاؤں والے جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو گاڑی سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت مولانا قاری اقبال ولد کبیر احمد، اشفاق ولد مصور سکنہ سرائے پور، احتشام ولد احسن اور صلاح الدین ولد ممتاز کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں راحت پور گاؤں کے رہنے والے تھے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور ڈمپر چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ڈمپر کو قبضے میں لے کر فرار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی