
ایم ایل اے شکتی راج پریہار نے عسّر دھنسل سڑک کا افتتاح کیا
جموں، 20 دسمبر (ہ س)۔ ڈوڈہ ضلع کے عسر علاقے میں دھنسل عسّر سڑک کا افتتاح ایم ایل اے ڈوڈہ ویسٹ شکتی راج پریہار نے پردھان منتری گرام سڑک یوجناکے تحت کیا۔ اس اہم سڑک منصوبے کی تکمیل سے خطے کے متعدد دور دراز دیہات کو طویل انتظار کے بعد پائیدار اور ہر موسم میں قابلِ آمد و رفت سڑک رابطہ حاصل ہو گیا ہے۔
تقریباً 15 کلومیٹر طویل یہ سڑک نہ صرف عوامی آمد و رفت کو آسان بنائے گی بلکہ تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات تک رسائی میں بھی نمایاں بہتری لائے گی۔ مقامی لوگوں نے اس منصوبے کو علاقائی ترقی کی سمت ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔سڑک رابطہ قائم ہونے سے علاقے کے کسانوں، خصوصاً سبزیوں کی کاشت سے وابستہ افراد کو اپنی پیداوار منڈیوں تک بروقت پہنچانے میں سہولت ملے گی، جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے شکتی راج پریہار نے کہا کہ مرکزی حکومت کی اولین ترجیح دیہی علاقوں کو بنیادی ڈھانچے سے مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے دور دراز علاقوں کو مرکزی دھارے سے جوڑا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چناب خطے میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں اور مستقبل میں بھی عوامی فلاح سے متعلق منصوبوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔مذکورہ سڑک کو 74 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔مقامی عوام نے سڑک کے افتتاح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر