
جموں, 16 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس نے ضلع ادھمپور میں منشیات فروشی میں ملوث ایک ملزم کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اس کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی۔حکام کے مطابق ضبط کی گئی جائیداد نرسو علاقے میں واقع ایک رہائشی مکان پر مشتمل ہے، جو منشیات فروش مکھن دین کی ملکیت ہے۔ یہ کارروائی منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق ایک مقدمے کی تفتیش کے دوران عمل میں لائی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ تفصیلی مالی جانچ اور بیک ورڈ لنک تجزیے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے مذکورہ جائیداد مبینہ طور پر منشیات کی غیر قانونی آمدنی سے حاصل کی تھی۔ ان شواہد کی بنیاد پر مجاز اتھارٹی نے جائیداد ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے، تاکہ مزید قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جا سکے۔
پولیس کے مطابق رواں سال این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت منشیات فروشوں کی ضبط شدہ جائیدادوں کی مجموعی مالیت اب 17 کروڑ 65 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے، جو منشیات کے خلاف جموں و کشمیر پولیس کی مسلسل اور مؤثر مہم کی عکاسی کرتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر