
پٹنہ، 9 نومبر (ہ س)۔ بہار کے روہتاس ضلع کے کرگہر اسمبلی حلقے کے اٹواڈیہہ میدان میں اتوار کو وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے امیدوار وشو ناتھ سنگھ کی حمایت میں انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ 20 سال پہلے بہار کی کیا حالت تھی، یہ کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ بہار کی تعلیم، صحت، ملازمت، روزگار، سڑک اور ادب سمیت تمام شعبوں میں ترقی ہوئی ہے۔ بہار کے لوگ خوف سے آزاد زندگی گزارنے لگے ہیں۔ تمام اسکولوں میں اساتذہ کی تقرری کر دی گئی ہے، جہاں جہاں اسامیاں خالی ہیں وہاں بھی تقرریاں کی جائیں گی۔ اگلے پانچ سال کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار اور ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔
نتیش کمار نے بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ پچھلی حکومت میں کچھ بھی کام نہیں ہوا، صرف ذات پات کا تناو پیدا کیا گیا۔ روہتاس ضلع کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوچس میں بائی پاس اور بس اسٹینڈ کا کام جاری ہے، نصیرگنج سے آرا تک سڑک کی تعمیر ہو رہی ہے۔ موجودہ عوام سے این ڈی اے امیدوار کے حمایت میں ہاتھ اٹھانے کی اپیل کی۔
اس موقع پر راشٹریہ لوک مورچہ کے سپریمو اُپندر کُشواہا نے کہا کہ بہار کی آدھی نشستوں پر انتخابات مکمل ہو چکے ہیں، جن میں این ڈی اے کو نمایاں برتری حاصل ہوئی ہے۔ 14 نومبر کے بعد ایک بار پھر نتیش کمار وزیر اعلیٰ بنیں گے۔ انہوں نے این ڈی اے امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔
وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر ڈبھیاں ہائی اسکول کے میدان میں اترا اور وہ کار سے انتخابی جلسے میں پہنچے، جہاں کارکنوں نے ان کا پُرشکوہ استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ کے پروگرام کی وجہ سے تقریباً ایک گھنٹہ تک لوگ ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔ انتخابی جلسے کی صدارت اور نظامت جے ڈی یو کے بلاک صدر اور روپیٹھا پی اے سی ایس کے صدر منوج کمار سنگھ نے کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن