
مدھیہ پردیش میں رات کے درجہ حرارت میں کمی، گوالیار-چمبل میں کہرا چھایا، آج 16 اضلاع میں بونداباندی کا الرٹ
۔ نومبر کے دوسرے ہفتے سے سردی بڑھنے لگے گی
بھوپال، 5 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں بدھ کو موسم کا مزاج بدلا بدلا سا رہے گا۔ مشرقی مدھیہ پردیش کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ وہیں ریاست میں سردی میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔ منگل کو گوالیار-چمبل علاقے میں رات کا درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس سے نیچے ریکارڈ کیا گیا، جبکہ صبح کے وقت گھنا کہر چھایا رہا۔ ریاست کے بیشتر شہروں میں دن کا درجہ حرارت 30 ڈگری کے قریب رہا۔ بدھ کو بھی اسی طرح کا موسم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بدھ کو رائسین، ہردا، نرمدا پورم، بیتول، نرسنگھ پور، چھندواڑہ، پاندھرنا، جابالپور، کٹنی، سیونی، امریا، شہڈول، انوپ پور، ڈنڈوری، منڈلا اور بالاگھاٹ اضلاع میں کہیں کہیں ہلکی بونداباندی کی پیشین گوئی کی ہے۔ جبکہ بھوپال، اندور اور اجین میں پورے دن صاف آسمان اور دھوپ چمکنے کی توقع ہے۔ محکمہ نے 6 نومبر کو چھندواڑہ، سیونی اور بالاگھاٹ میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
موسم ماہرین کے مطابق، اس وقت مدھیہ پردیش کے اوپر ایک سائیکلونک سرکولیشن سسٹم فعال ہے، جس کی وجہ سے کچھ اضلاع میں بارش کا امکان موجود ہے۔ وہیں، ایک نیا ویسٹرن ڈسٹرنس بھی فعال ہو رہا ہے، جو اگلے کچھ دنوں میں ہمالیائی علاقے تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے اثرات سے شمالی ہندوستان میں برفباری اور سردی میں اضافہ متوقع ہے۔ اس کا اثر مدھیہ پردیش پر بھی پڑے گا اور درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ 5 اور 6 نومبر کو کچھ مقامات پر ہلکی بارش ہوگی اور بادل چھائے رہیں گے، لیکن اس کے بعد شمال سے سرد ہوائیں آنا شروع ہوں گی۔ اس سے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کی کمی متوقع ہے۔ نومبر کے دوسرے ہفتے سے دن اور رات دونوں ٹھنڈے ہونے لگیں گے۔ 15 نومبر کے بعد ریاست میں سردی کا اثر تیزی سے بڑھنے کی توقع ہے۔ منگل کو ریاست کے بیشتر اضلاع میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 2-1 ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست کا واحد ہل اسٹیشن پچمڑھی سب سے ٹھنڈا رہا، جہاں درجہ حرارت 24.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ شیورپوری، شیوپور، رتلام، رائسین، اندور، گوالیار، بیتول، دھار، نرسنگھ پور، سیونی، سیدھی، ٹیکم گڑھ اور ملاجکھنڈ میں دن کا پارہ 30 ڈگری سے نیچے رہا۔ رات کے درجہ حرارت کی بات کریں تو ریوا میں 12.5 ڈگری، نوگاوں میں 13 ڈگری اور امریا میں 13.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن