
پونچھ میں آسمانی بجلی گرنے سے چالیس بھیڑ۔بکریاں ہلاک
جموں، 5 نومبر (ہ س)۔ ضلع پونچھ کے بالائی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے ایک المناک واقعے میں ایک بکروال چرواہے کے تقریباً 40 بھیڑ بکریاں لقمۂ اجل بن گئیں، جس سے متاثرہ شخص کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق خالد حسین ساکن ہادی باڑی بیک اپنے مویشیوں سمیت کھلے چراگاہ میں موجود تھا کہ اچانک رات کے وقت گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے اس کے مویشی ہلاک ہوگئے۔ محکمہ شیپ ہسبنڈری اور ریونیو کے اہلکار موقع پر پہنچے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے رپورٹ تیار کر رہے ہیں۔
مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے متاثرہ چرواہے کے لیے فوری مالی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حالیہ برف باری اور مسلسل بدلتے موسمی حالات کے سبب پیر پنجال خطے میں اس نوعیت کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر