
بہار کے پورنیہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کی مشتبہ حالات میں موتپٹنہ، 5 نومبر (ہ س)۔ بہار کے پورنیہ کی یورپین کالونی میں منگل کی دیر رات ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت ہونے سے سنسنی پھیل گئی۔ متوفیوں میں شوہر، بیوی اور بیٹی شامل ہیں۔ اطلاع کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ پورنیہ ضلع کے خزانچی ہاٹ تھانہ کے یوروپین کالونی کا بتایا جاتا ہے۔ واقعہ کے بارے میں متوفی نوین کشواہا کے چھوٹے بھائی اور جے ڈی یو لیڈر نرنجن کشواہا نے بتایا کہ دیر رات گھر میں ہی بیٹی کا سیڑھیوں سے پیر پھسل گیا، جس کے بعد اسے بچانے گئے والد سنبھل نہیں پائے اور گر گئے۔ اس حادثے کو دیکھ ان کی اہلیہ بھی صدمے میں چلی گئیں اور اسپتال میں ان کی بھی موت ہوگئی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ متوفی نوین کشواہا پورنیہ ضلع کے بڑے تاجر اور بی ایس پی کے سابق لوک سبھا امیدوار رہ چکے تھے۔ حادثے میں ان کی اہلیہ کنچن مالا اور بیٹی تنو پریا کی موت ہوگئی۔ متوفی کی بیٹی میڈیکل کی چوتھے سال کی طالبہ تھی۔
ایس پی سویٹی سنگھ نے بتایا کہ سبھی کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد تمام کو مردہ قرار دے دیا۔ تینوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔ رپورٹ کے بعد ہی موت کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔
ڈاکٹر نے کہا کہ یہ عام موت نہیں لگتی ہے۔ ڈاکٹر نے کہا کہ سب سے پہلے یہاں تنو پریا کو لایا گیا، اس کے بعد گھر والے کنچن مالا کو لیکر آئے۔ آدھے گھنٹے بعد نوین کشواہا کو اسپتال لایا گیا۔ نوین کی گردن میں نشان تھا۔ تھوڑی دیر بعد ایک ایک کرکے تینوں کی موت ہوگئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan