
بھوپال، 23 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر زراعت، کسان بہبود اور دیہی ترقیات شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ کانگریس تو اب ایسا بوجھ ہو گئی ہے کہ جو پارٹی اسے لے کر چلتی ہے، وہ بھی ڈوب جاتی ہے۔ کانگریس جس کے اوپر بیٹھ گئی، ’’ہم تو ڈوبے ہیں صنم، تمہیں بھی لے ڈوبیں گے‘‘۔ جہاں جہاں پاؤں پڑے بھیا کے، وہاں بنٹادھار۔ دہلی میں کیجریوال، یو پی میں اکھلیش اور بہار میں لالو کو لے ڈوبے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل تو بہنیں حکومت بنا رہی ہیں۔ بہار میں بھی بہنوں نے کرشمہ کیا ہے۔ کانگریس کے دوست بہت پریشان ہوں گے۔
مرکزی وزیر اتوار کو مدھیہ پردیش کے ودیشا ضلع کے دورے کے دوران گنج باسودا میں صحت مرکز کے افتتاح کے پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے گنج باسودا میں 150 بستر والے سول اسپتال کا افتتاح کیا۔ مرکزی وزیر اور وزیر اعلیٰ نے گنج باسودا میں روڈ شو بھی کیا۔ اس دوران انہوں نے 64 کروڑ 29 لاکھ کی لاگت سے 26 ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور 85 کروڑ 84 لاکھ کے 28 ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور جلسہ عام سے خطاب کیا۔
مرکزی وزیر زراعت نے کہا کہ مدھیہ پردیش کی ترقی میں کوئی کمی نہیں رہنے دی جائے گی۔ مرکز اور ریاستی حکومت دونوں مل کر صوبے کی ترقی کی رفتار کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں ترقی کا ایک نیا باب لکھا جا رہا ہے۔ صوبے میں زراعت، صنعت، صحت، آبپاشی، سڑک اور پینے کے پانی سمیت مختلف بنیادی سہولیات کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی بڑھ رہے ہیں۔ حکومت ہند کی اسکیموں کو مدھیہ پردیش میں رفتار دینے کے لیے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو لگاتار کوشش کر رہے ہیں اور ان کا پورا تعاون مل رہا ہے۔ ودیشا ضلع اور باسودا سے میرا برسوں کا تعلق رہا ہے۔ یہاں کی عوام میں میرے لیے حیرت انگیز محبت ہے، میری سانسوں اور دل میں یہاں کی عوام بستی ہے۔ یہاں کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔
شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے مجھے زراعت اور دیہی ترقی کی ذمہ داری سونپی ہے جس کی انجام دہی میں کوئی کسر نہیں رہنے دی جائے گی۔ زراعت کو باغبانی اور مویشی پروری سے جوڑ کر مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ صوبے میں زرعی صنعت کے شعبے میں نیا کرشمہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیتوا ندی کا پانی پاراشری ندی میں ڈالنے کی کوشش کی جائے۔ یہاں کی مٹی سونا اگلتی ہے لیکن یہاں پتھروں سمیت مختلف قسم کی کانیں موجود ہیں۔ باسودا کو صنعت کے شعبے میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتا ہے۔ جب ٹیرف کی بات ہوئی، تو وزیر اعظم نے واضح کہہ دیا۔ پیرامیڈیکل اور نرسنگ کالج کی مانگ کی۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے مہر لگا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیو اور موہن میں کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ نام میں کچھ نہیں ہے، لیکن شیو راج نے کہا کہ نام تو نام ہے، لیکن نام میں ہی سب کچھ ہے۔ انہوں نے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کے بارے میں کہا کہ فرضی نام اگر کوئی ہو، تو دیکھو۔ کوئی بنگلہ دیش سے آیا ہو، درانداز ہو، تو اس کا نام کٹوانا ہے۔ ملک کو دھرم شالہ نہیں بننے دیں گے۔ درانداز ہوگا، تو پہچان کر کے باہر نکال دیا جائے گا۔
پروگرام میں وزیر اعلیٰ موہن یادو نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر باسودا کے رکن اسمبلی ہری سنگھ رگھوونشی نے علاقے میں چل رہی ترقیاتی سرگرمیوں کے تعلق سے معلومات دی۔ پروگرام میں ضلع پنچایت صدر گیتا کیلاش رگھوونشی، رکن اسمبلی سوریا پرکاش مینا، اوماکانت شرما، ہری سنگھ سپرے و مکیش ٹنڈن سمیت دیگر عوامی نمائندے، افسران، کسان بھائیوں سمیت بڑی تعداد میں شہری موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن