
اس بار کل 41 میچوں میں 16 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی
نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س)۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کا مکمل شیڈول جاری کر دیا ہے۔ٹورنامنٹ زمبابوے اور نمیبیا میں مشترکہ طور پر 15 جنوری سے 6 فروری تک کھیلا جائے گا۔اس بار کل 41 میچوں میں 16 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ فائنل 6 فروری کو ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔
اس ٹورنامنٹ کی ایک خاص بات یہ ہے کہ تنزانیہ پہلی بار انڈر 19 ورلڈ کپ میں حصہ لے گی اور اپنے ڈیبیو میچ میں اس کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ تمام وارم اپ میچ 9 سے 14 جنوری کے درمیان کھیلے جائیں گے۔
افتتاحی دن کے میچز (15 جنوری)
بھارت بمقابلہ امریکہ – کوئینز اسپورٹس کلب
زمبابوے بمقابلہ اسکاٹ لینڈ – تاکاشینگا اسپورٹس کلب
تنزانیہ بمقابلہ ویسٹ انڈیز –ایچ پی اوول، نمیبیا
ٹورنامنٹ کا خاکہ
ٹورنامنٹ چار چار ٹیموں کے چار گروپس پر مشتمل ہوگا۔ اس کے بعد سپر سکس مرحلہ، سیمی فائنل اور فائنل ہوگا۔
دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اپنا پہلا میچ 16 جنوری کو ونڈہوک میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 17 جنوری کو بلاوایو میں ہوگا۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ہمیشہ مستقبل کے ستاروں کو دکھانے کا پلیٹ فارم رہا ہے۔ برائن لارا، سنتھ جے سوریا، وراٹ کوہلی، کین ولیمسن، اسٹیو اسمتھ، اور شبھمن گل جیسے کئی عظیم کھلاڑی اس مقابلے سے ابھرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2026 کا ایڈیشن نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنے خوابوں کو پورا کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے پہلی بار تنزانیہ کا خیرمقدم بھی کیا۔
وارم اپ میچز (9-14 جنوری)
بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مختلف مقامات پر پریکٹس میچ کھیلیں گی۔ تمام میچز صبح 9:30 بجے شروع ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے اہم میچز (15 جنوری تا 7 فروری)
گروپ مرحلے اور سپر سکس کے میچز 15 سے 31 جنوری تک کھیلے جائیں گے۔
سیمی فائنلز 3 اور 4 فروری کو ہوں گے جس میں 5 فروری کو ریزرو ڈے رکھا جائے گا۔
فائنل 6 فروری کو ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا جس میں 7 فروری کو ریزرو ڈے رکھا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ