
نوئیڈا، 19 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے آج علی الصبح ایک فرضی را افسر کو گرفتار کیا ہے۔ یہ کبھی خود کو را افسر تو کبھی آرمی کا میجر بتا کر رہتا تھا۔ اس نے خود کو را افسر بتا کر ایک خاتون جج سے شادی کی ہے۔ بیوی بہار کے چھپرا میں تعینات ہیں۔ ملزم نے ایک کمپنی بنا کر اس میں جعلی طریقے سے ہیوی ٹرانزیکشن کرکے کمپنی کی وقعت بڑھا کر اسے شیئر مارکیٹ میں جاری کرکے لوگوں کو ٹھگنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ کمپنی سے متعلق دستاویز بھی ایس ٹی ایف نے برآمد کیے ہیں۔ اس کے پاس سے بڑی مقدار میں جعلی آئی ڈی، چیک بک، جعلی پولیس ویریفیکیشن لیٹر، ڈیبٹ کارڈ، کریڈٹ کارڈ، پین کارڈ، آدھار کارڈ، ووٹر آئی کارڈ وغیرہ برآمد ہوئے ہیں۔ ایس ٹی ایف اور خفیہ ایجنسیوں کے سینئر افسران اس سے گہرائی سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ اس کے ٹیب میں دہلی بلاسٹ سے متعلق ویڈیو بھی اپ لوڈ ہے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایس ٹی ایف (نوئیڈا یونٹ) راج کمار مشرا نے بتایا کہ گزشتہ رات سب انسپکٹر اکشے پرم ویر کمار تیاگی اور ان کی ٹیم کو اطلاع ملی کہ ایک شخص جو کبھی خود کو میجر امت اور کبھی خود کو ڈائریکٹر را بتا کر مختلف سوسائٹیوں میں رہتا ہے، وہ مشتبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں ہوئے بم بلاسٹ کے باعث اس اطلاع کو سنجیدگی سے لیا گیا۔ ایک ٹیم بنا کر پیراماؤنٹ گولف فاریسٹ سوسائٹی گریٹر نوئیڈا میں چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ جب ٹیم اس فلیٹ پر پہنچی جہاں مبینہ را افسر رہتا تھا تو دروازہ ایک خاتون نے کھولا۔ اسی دوران ایک شخص وہاں آ گیا۔ اس نے اپنا نام سمت کمار، ولد آنجہانی برج نندن شاہ بتایا۔ اس کے ہاتھ میں پکڑے ہوئے پرس کی تلاشی لی گئی تو اس میں ایک آئی کارڈ کیبنٹ سکریٹریٹ، گورنمنٹ آف انڈیا کا ملا، جس پر سمت کمار، آئی سی 7623 بی، رینک جوائنٹ سکریٹری، ڈیزگنیشن ڈائریکٹر (آپریشن)، جے آئی سی نیشنل سیکورٹی کونسل، پشت پر سروس ریسرچ اینڈ اینالسِس سروس، بلڈ گروپ او پازیٹیو، تاریخ پیدائش 25 مارچ 1988، والد کا نام برج نندن شاہ درج تھا۔
انہوں نے بتایا کہ شک ہونے پر ایس ٹی ایف نے را کے سینئر افسران کو مطلع کیا۔ جب وہ لوگ موقع پر آئے تو انہوں نے جانچ کی۔ پتا چلا کہ اس نام کا کوئی بھی شخص ان کے محکمے میں ملازم نہیں ہے۔ اس کے پاس سے برآمد ہونے والا آئی کارڈ جعلی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جس فلیٹ میں وہ شخص رہ رہا تھا، اس کی مکان مالکن منجو گپتا سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے یہاں کرایہ دار میجر امت کمار ہیں۔ انہوں نے اپنا پولیس ویری فیکیشن دہلی پولیس کے ڈپٹی کمشنر کے لیٹر ہیڈ پر میجر امت کمار کے نام سے کرا کے فراہم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منجو گپتا نے دہلی پولیس کے کیے گئے ویری فیکیشن کی کاپی انہیں وہاٹس ایپ کے ذریعے بھیجی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سنیت کی بیوی کُسُم، جو چھپرا، بہار میں جوڈیشل مجسٹریٹ ہیں، ان سے فون کر کے معلومات لی گئیں تو انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر وزارت داخلہ میں ملازم ہیں اور خفیہ تعیناتی پر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس شخص کے پاس سے جعلی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ ان میں بنیادی طور پر دو فرضی شناختی کارڈ، بیس چیک بک، دہلی پولیس کا جعلی ویری فیکیشن لیٹر، آٹھ کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈ، ایک ڈائری، سترہ ایگریمنٹ، پانچ پین کارڈ، دو آدھار کارڈ، تین ووٹر آئی ڈی کارڈ، دو فارم ووٹر آئی ڈی کارڈ، دو کمپنی سے متعلق رجسٹریشن کے کاغذات، آئی ٹی آر کے کاغذات، بینک اسٹیٹمنٹ، تین لیپ ٹاپ، دو ٹیبلیٹ وغیرہ برآمد ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم سمیت کمار کو ایس ٹی ایف نے آج صبح گرفتار کر لیا۔ اس کے خلاف تھانہ سورجپور میں تعزیرات ہند کی دفعہ 319(2)، 318(4)، 338، 336(3)، 340، 66 ڈی (اطلاعاتی ٹیکنالوجی ترمیمی ایکٹ 2008) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن