
پٹنہ، 16 نومبر (ہ س)۔ بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی جیت کے بعد سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ مختلف اتحادی جماعتوں کے رہنما وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کے لیے مسلسل پہنچ رہے ہیں۔اسی تناظر میں راشٹریہ لوک منچ (آر ایل ایم) کے سربراہ اور سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا نے نتیش کمار سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کو سیاسی طور پر اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اوپیندر کشواہا کی پارٹی راشٹریہ لوک منچ نے 2025 کے اسمبلی انتخابات میں چھ سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے تھے، جن میں سے چار جیتی ہے۔ان نتائج کے ساتھ کشواہا نے ایک بار پھر بہار کی سیاست میں اپنی معنویت ثابت کر دی ہے۔ نتیش کمار اور اوپیندر کشواہا کے درمیان ملاقات این ڈی اے اتحاد کے اندر اتحاد کا پیغام دیتی ہے اور بہار میں آنے والی حکومت کی ترجیحات کا تعین کرنے کی طرف ایک قدم ہے۔غور طلب ہے کہ گذشتہ الیکشن میں اوپیندر کشواہا کی کارکردگی کمزور رہی تھی، لیکن 2025 میں ان کی واپسی شاندار رہی ہے۔بہار میں نئی حکومت کی تشکیل کی تیاریوں کے درمیان یہ میٹنگ خاص اہمیت کی حامل ہے۔ این ڈی اے کی حکمت عملی اور مشترکہ ایجنڈا پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے آنے والے دنوں میں مزید میٹنگوں کی توقع ہے، جو ریاست کی سیاسی سمت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan