
احمد آباد، 16 نومبر (ہ س) ۔
راجستھان میں جودھ پور-بالیشور قومی شاہراہ پر اتوار کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ گجرات کے بناسکانٹھا اور دھنسورہ اضلاع کے چھ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ راجستھان پولیس کے مطابق گجرات کے بناسکانٹھا اور دھنسورہ اضلاع سے 20 یاتری رام دیورا جا رہے تھے کہ صبح تقریباً 5 بجے کھری بیری گاو¿ں کے قریب ایک اناج سے لدے ٹریلر سے ٹکرا گئے، ٹکر اتنی شدید تھی کہ تین خواتین کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
بالیسر پولیس اسٹیشن کے افسر مول سنگھ بھاٹی نے بتایا کہ ٹیمپو جودھپور کی طرف جا رہا تھا کہ اس کی آمنے سامنے اناج سے لدے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ ٹمپو کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور کئی مسافر اندر پھنس گئے۔ مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر بالیسر اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم تین خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو جودھ پور کے ماتھرداس ماتھر (ایم ڈی ایم) اسپتال ریفر کیا گیا، جہاں مزید تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ اب تک کل چھ ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وکاس راجپوروہت نے بتایا کہ 14 زخمیوں کا علاج چل رہا ہے، جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔
مرنے والوں کے نام:
1. کیشا بھائی کوہیا بھائی والند (65، بس اسٹینڈ کے پاس، پنساری، تلود، سابرکانٹھا)
2. پریتیش بھرت بھائی پرجاپتی (ٹیمپو ڈرائیور) (23، پرجاپتی واس، پنساری، تلود، سابرکانٹھا)
3. لوگل بھائی کالو سنگھ پرمار (39، رگناتھ پورہ، دھنسورہ، اراولی)
4. نویا کالو سنگھ پرمار (3 سال، رگناتھ پورہ، دھنسورہ، اراولی)
5. جینل پروین بھائی پرمار (12، روگھناتھ پورہ)( دھنسورہ، اراولی)
6. کرشنا پرمار (9 سال، رگھوناتھ پورہ، دھنسورا، اراولی)
علاقے میں سوگ کی فضا ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پورے بناسکانٹھا اور دھنسورہ علاقوں میں سوگ اور غم کا ماحول پھیل گیا۔ جاں بحق اور زخمیوں کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔
پولیس حادثے کی وجہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق تیز رفتاری یا لاپرواہی اس کی وجہ ہوسکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ