
وفد سرمایہ کاری سیمینار اور ثقافتی پروگراموں میں شامل ہوگا، بھوپال میں گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرے گا
بھوپال، 16 نومبر(ہ س)۔
آسیان ممالک کے اعلیٰ سطحی سفارتی نمائندوں کا وفد منگل، 18 نومبر کو مدھیہ پردیش کے تین روزہ دورے پر آ رہا ہے۔ یہ وفد 20 نومبر تک بھوپال میں رہ کر مختلف پروگراموں میں شامل ہوگا۔ اس کے ساتھ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور گورنر منگو بھائی پٹیل سے ملاقات کرے گا۔ اس دورے کا مقصد مدھیہ پردیش اور آسیان ممالک کے درمیان اقتصادی، صنعتی، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ رابطہ عامہ افسر ببیتا مشرا نے اتوار کو معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ آسیان ممالک کا وفد 18 نومبر کو وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو سے ملاقات کرے گا۔ یہ میٹنگ ریاستی حکومت کے سرمایہ کاری دوست ماحول، صنعتی پالیسی اور آسیان ممالک کے ساتھ شراکت داری پر مرکوز رہے گی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو ریاست میں تیزی سے ترقی کرتے صنعتی منظرنامے، آئی ٹی، مینوفیکچرنگ، ایگری پروسیسنگ، سیاحت اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی امکانات پر گفتگو کریں گے۔ وفد ریاستی حکومت کی جانب سے منعقدہ عشائیہ میں شامل ہوگا، جس میں دونوں فریقوں کے درمیان باہمی تعاون اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وفد 19 نومبر کو گورنر منگوبھائی پٹیل سے خیرسگالی ملاقات کرے گا۔ اس کے بعد ہوٹل کورٹ یارڈ میریئٹ میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ سیمینار میں شرکت کرے گا۔ سیمینار میں ریاست کے صنعت کار، چیمبرز آف کامرس کے نمائندے اور اہم سرمایہ کار شامل ہوں گے۔ اس میں مدھیہ پردیش کی صنعتی ترقی، بنیادی ڈھانچے، لاجسٹک نیٹ ورک اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کا تفصیلی پرزنٹینشن ہوگا۔ رابطہ عامہ افسر کے مطابق، وفد اپنے دورے کے دوسرے دن 19 نومبر کو سانچی اور بھیمبیٹکا جیسے یونیسکو کی عالمی ورثہ فہرست میں شامل عالمی شہرت یافتہ مقامات کا دورہ کرے گا۔ اس سے انہیں مدھیہ پردیش کی قدیم ثقافتی روایت، بودھ فن اور تاریخی ورثے سے واقف ہونے کا موقع ملے گا۔ دورے کے تیسرے دن 20 نومبر کو وفد بھوپال میں واقع اندرا گاندھی نیشنل میوزیم آف ہیومین کائینڈ اور جنجاتی میوزیم کا بھی معائنہ کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی یہ کوشش وزیراعظم نریندر مودی کی ’ایکٹ ایسٹ پالیسی‘ کے مطابق ہے، جس کے ذریعے ہندوستان اور جنوب مشرقی ایشیا کے درمیان اقتصادی، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ مدھیہ پردیش اپنی اسٹریٹیجک جغرافیائی حیثیت، مضبوط صنعتی بنیاد، سرمایہ کاری کے موافق پالیسیوں اور تیزی سے ترقی کرتے بنیادی ڈھانچے کی بدولت آسیان ممالک کے لیے ایک پُرکشش سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر اُبھر رہا ہے۔
یہ دورہ مدھیہ پردیش اور آسیان ممالک کے درمیان طویل المدتی تعاون کی سمت میں ایک مضبوط قدم ثابت ہوگا اور دونوں فریقوں کے درمیان صنعتی، تجارتی اور ثقافتی شراکت داری کو نئی رفتار دے گا۔ قابلِ ذکر ہے کہ آسیان، (ایسوسی ایشن آف ساوتھ ایسٹ ایشن نیشن)جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایک علاقائی تنظیم ہے۔ اس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت، سیکیورٹی، ثقافتی تعلقات اور علاقائی استحکام کو مضبوط کرنا ہے۔ آسیان میں 10 ممالک رکن ہیں، جن میں انڈونیشیا، ملیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ، فلپائن، ویتنام، میانمار، کمبوڈیا، لاوس اور برونئی شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن