
نئی دہلی،15نومبر(ہ س)۔غالب انسٹی ٹیوٹ کے ’ہم سب ڈرامہ گروپ‘ کے زیر اہتمام پانچ روزہ ڈرامہ فیسٹیول 15/نومبر کو ایوان غالب، نئی دہلی میں اختتام پذیر ہوا۔ فیسٹیول کے آخری دن ڈرامہ ’عجیب داستاں ہے یہ‘ ہدایت جناب طارق حمید، پرفارمنس محترمہ رچنا ودیا اور جناب شیخ شجاع، پیشکش ونگس کلچرل سوسائٹی، ممبئی، پیش کیا گیا۔ اس موقع پر غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے ڈرامہ فیسٹیول کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا مجھے خوشی ہے کہ آپ سب اتنی بڑی تعداد میں پانچ دن تشریف لائے اور اس فیسٹیول کو کامیاب بنایا۔ مجھے یہ بھی خوشی ہے کہ اس مرتبہ جن تھیئٹر گروپس کا انتخاب کیا گیا انھوں نے اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے خود کو ثابت کیا۔ میں تمام اداکاروں اور شرکا کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ غالب انسٹی ٹیوٹ کا ’ہم سب ڈرامہ گروپ‘ ہر سال یہ ڈرامہ فیسٹیول منعقد کرتا ہے جس میں ملک کے معروف تھیئٹر گروپس حصہ لیتے ہیں۔ اس مرتبہ یہ فیسٹیول 11/نومبر سے شروع ہوا تھا۔ پہلے دن ڈرامہ ’ودھ لَو آپ کی سیارا‘، تحریر، ہدایت، پرفارمنس محترمہ جوہی ببر، ’ایک جٹ گروپ‘، ممبئی کی جانب سے پیش کیا گیا،12/نومبر کو عصمت چغتائی کی کہانی پر مبنی ڈرامہ ’گھر والی‘، ہدایت کار جناب راجیش تیواری اور پیشکش ٹرسٹی تھیئٹر، نئی دہلی، 13/نومبر کو ’قید حیات‘ تحریر جناب سریندر ورما، ہدایت ڈاکٹر دانش اقبال، پیشکش رنگ ساز گروپ، نئی دہلی۔ 14/نومبر کو ’کون ہے بھارت ماتا‘ تحریر و ہدایت جناب لوکیش جین۔پیش کیے گئے۔ تھیٹر اور ادب سے دلچسپی رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد پانچوں دن موجود تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais