

نئی دہلی، 10 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے پیر کو قومی راجدھانی، نئی دہلی میں آئندہ مرکزی بجٹ 2026-27 کے حوالے سے سرکردہ ماہرین اقتصادیات کے ساتھ پہلی پری بجٹ مشاورتی میٹنگ کی صدارت کی۔ بجٹ یکم فروری کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا ہے۔ تاہم اس کا سرکاری اعلان ابھی باقی ہے۔
مرکزی وزارت خزانہ نے ’ایکس‘ پوسٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ مرکزی خزانہ اور کارپوریٹ امور کی وزیر نرملا سیتا رمن کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں وزارت کے اقتصادی امور (ڈی ای اے) کے سکریٹری اورحکومت ہند کے چیف اکنامک ایڈوائزر (سی ای اے) ڈاکٹر وی اننت ناگیشورن نے شرکت کی۔
وزارت نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سے پہلے کی مشاورت بجٹ سازی کے عمل کا ایک اہم حصہ ہے، جس سے حکومت کو مرکزی بجٹ کو حتمی شکل دینے سے پہلے مختلف شعبوں کےشراکت داروںسے مختلف آراءحاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔
غور طلب ہے کہ مالی سال 2026-27کا مرکزی بجٹ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کامسلسل نواں بجٹ ہوگا۔ وزارت خزانہ کے تازہ ترین ماہانہ اقتصادی جائزے کے مطابق، اگست میں امریکہ کی طرف سے ہندوستان پر اعلیٰ محصولات عائد کرنے کے باوجود ہندوستانی معیشت نے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی (جولائی-ستمبر) میں تیزی سے ترقی کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد