
نئی دہلی، 10 نومبر (ہ س)۔ لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع گوری شنکر مندر کے قریب ایک کار میں دھماکہ ہوا اور اس میں آگ لگ گئی۔ واقعے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق یہ واقعہ شام 6 بجکر 55 منٹ پر پیش آیا۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کو دھماکے اور گاڑی میں آگ لگنے کی کال موصول ہوئی۔ فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ نے چار پانی کے ٹینڈر اور ایک واٹر باؤزر جائے وقوعہ پر روانہ کیا۔
اس آپریشن کی نگرانی اے ڈی او سی ایل مینا اور ایس ٹی او پروین نے کی۔ اس کے علاوہ ڈیوٹی آفیسر منیش کمار کو بھی واقعہ کی اطلاع دی گئی۔ فائر آفیسر کے مطابق صبح 7 بج کر 5 منٹ پر یکے بعد دیگرے کئی کالیں آنا شروع ہو گئیں۔ جس کے بعد پانی کے دو اضافی ٹینڈر بھیجے گئے۔ فائر فائٹرز نے بروقت آگ پر قابو پالیا۔ فی الحال کولنگ کا کام جاری ہے۔ اس دھماکے کے حوالے سے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکا اتنا زور دار تھا کہ قریبی دکانیں لرز گئیں اور شیشے ٹوٹ گئے۔ لوگ گھبرا گئے۔ اس سے پہلے کہ ہم کچھ سمجھ پاتے، دھماکہ جس گاڑی میں ہوا اور اس کی زد میں آنے والی کاریں آگ کا گولہ بن گئیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی