
نئی دہلی، یکم نومبر (ہ س)۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں ( او ایم سی) نے آج ہفتہ کے روز سے 19 کلو کے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کمی کر دی ہے۔ حالانکہ گھریلو استعمال والے 14.2 کلوگرام ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ گھریلو باورچی خانے کے بجٹ میں کوئی راحت نہیں ملنے والی ہے۔
کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں آج 4.50 روپے سے لے کر 6.50 روپے تک کمی کی گئی ہے۔ انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ (آئی او سی ایل) کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، راجدھانی دہلی میں 19 کلو کے کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت اب 1,595.50 روپے سے کم ہو کر 1,590.50 ہو گئی ہے۔
گزشتہ مہینے ہی یکم اکتوبر کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں 15 روپے تک کا اضافہ کیا تھا۔ اس اضافے سے ہوٹلوں، ریستورانوں اور کمرشیل گیس استعمال کرنے والے چھوٹے کاروباروں پر مہنگائی کا بوجھ بڑھ گیا تھا۔ ایسے میں کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں آج کی کمی سے ہوٹلوں، ریستورانوں اور چھوٹے کاروباروں کو کچھ راحت ملی ہے۔
اس کٹوتی میں کولکاتا میں کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں سب سے زیادہ 6.50 روپے کی کمی کی گئی ہے۔ اکتوبر میں 1,700.50 روپے کے مقابلے میں اب یہاں 19 کلو گرام کا سلنڈر 1,694 روپے میں دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ ، ممبئی میں 19 کلو کے ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت 1,542 روپے ہے، جو پچھلے مہینے سے 5 روپے کم ہے۔ وہیں،چنئی میں اس کی قیمت 1,750 روپے مقرر کی گئی ہے، جو اکتوبر سے 4.5 روپے کم ہے ۔ اس کمی کے بعد، 19 کلو کا سلنڈر اب پٹنہ میں 1,876 روپے میں، نوئیڈا میں 1,876 روپے میں، لکھنو¿ میں 1,876 روپے میں، بھوپال میں 1,853.50 روپے میں اور گروگرام میں 1,607 روپے میں دستیاب ہوگا۔
آج صرف کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔ گھروں میں استعمال ہونے والے 14.2 کلوگرام ایل پی جی سلنڈر (باورچی خانے کی گیس) کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ گھریلو سلنڈر کی قیمت میں آخری بار 8 اپریل 2025 کوتبدیلی کی گئی تھی۔ اس وقت دہلی میں اس کی قیمت 853 روپے ہے۔ اسی طرح کولکاتا میں یہ 879 روپے، ممبئی میں 852.50 روپے، چنئی میں 868.50 روپے، لکھنو¿ میں 890.50 روپے، احمد آباد میں 860 روپے، حیدرآباد میں 905 روپے، وارانسی میں 916.50 روپے اور پٹنہ میں 951 روپے ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت کا تعین ہر ماہ بین الاقوامی گیس کی قیمتوں اور ٹیکس کے ڈھانچے کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ بین الاقوامی گیس کی قیمتوں میں اضافہ یا کمی کا اثر براہ راست آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی لاگت پر پڑتا ہے۔ اس لیے ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو قیمت کا جائزہ لیا جاتا ہے اور گیس سلنڈر کی نئی قیمت کا اعلان کیا جاتا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ اکتوبر میں بین الاقوامی مارکیٹ میں قدرتی گیس کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا ہے۔ اس لیے گزشتہ ماہ کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں 15 روپے اضافے کے بعد مہنگائی کو متوازن کرنے کے لیے نومبر کے مہینے کے لیے کمرشیل گیس کی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد