میکے (آسٹریلیا)، 08 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستان کی انڈر 19 ٹیم نے دوسرے یوتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا انڈر 19 کو شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2-0 سے کلین سویپ کر لیا۔ گریٹ بیریئر ریف ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے 81 رنز کا ہدف 13 اوورز سے بھی کم وقت میں حاصل کر کے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ یہ دورہ ہندوستان کی انڈر 19 ٹیم کے لیے بہت کامیاب رہا۔ ٹیم نے پورے دورے میں تمام 5 میچ جیتے جن میں تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ شامل تھے۔
بھارت کی جیت میں ویدانت ترویدی نے 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور چوکا لگا کر ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔ کپتان آیوش مہاترے نے 13 رنز، ویہان ملہوترا نے 21 رنز اور راہل کمار نے 13 رنز ناٹ آو¿ٹ بنائے۔ تاہم، ویبھو سوریاونشی اپنا کھاتہ کھولے بغیر آو¿ٹ ہو گئے۔ ویدانت ترویدی اس دورے کے سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ انہوں نے ون ڈے میں 173 اور ٹیسٹ میں 198 رنز بنائے۔ ویبھو سوریاونشی نے ٹیسٹ میں 133 رنز بنا کر دوسری بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ون ڈے میں بھی 124 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر رہے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 135 رنز بنائے تھے۔ جواب میں بھارت نے پہلی اننگز میں 171 رنز بنا کر 36 رنز کی برتری حاصل کی اور پھر دوسری اننگز میں آسٹریلیا کو 116 رنز پر آو¿ٹ کر دیا۔ باو¿لنگ میں نمن پشپک اور ہینیل پٹیل نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے وکٹ کیپر ایلکس لی ینگ نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan