جموں, 7 اکتوبر (ہ س)۔قصبہ ڈوڈہ میں دو تیندووں کی موجودگی کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔ گزشتہ شب یہ دونوں تیندوے شہر کی سڑکوں پر گھومتے ہوئے دیکھے گئے جس سے عوام میں شدید تشویش پھیل گئی۔ رہائشی علاقوں میں ان جنگلی جانوروں کی موجودگی نے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
انتظامیہ نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے لاوڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کیے ہیں کہ شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اپنے بچوں اور پالتو جانوروں کو کھلا چھوڑنے سے گریز کریں۔
محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے تیندووں کو قابو میں لینے کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی ان جانوروں کو قابو پا کر قصبہ سے دور منتقل کر دیا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ڈوڈہ انل ٹھاکور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور اگر کسی کو تیندوا نظر آئے تو گھبرانے کے بجائے پرسکون رہ کر حکام کو اطلاع دیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تیندووں پر پتھر یا کوئی اور چیز پھینکنے سے گریز کیا جائے تاکہ صورتِ حال مزید خطرناک نہ ہو۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر