اجین اور راج گڑھ سمیت کچھ اضلاع میں آج بارش متوقع
بھوپال، 7 اکتوبر (ہ س)۔ مانسون کی روانگی سے قبل مدھیہ پردیش میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست میں اگلے دو دنوں تک بارش کا امکان ہے۔ ریاست کے 26 اضلاع میں بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مانسون 10 سے 12 اکتوبر کے درمیان ریاست سے مکمل طور پر وداع ہوجائے گا۔تاہم اس سے قبل ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ حالانکہ کہیں بھی تیز بارش کا الرٹ نہیں ہے۔ آج منگل کو اجین، راج گڑھ، سیہور، دیواس، شاجاپور، گنا، شیو پوری میں بارش کا امکان ہے۔ ٹیکم گڑھ، نیواڑی، میہر، پانڈھرنا میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے آرہی نمی کے باعث موسم میں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ ریاست کے مشرقی حصے میں ایک سائیکلونک سرکولیشن سرگرم ہے۔ جس کی وجہ سے ہلکی بارش جاری رہ سکتی ہے۔ دو روز تک بارش کا امکان ہے۔ 9 اکتوبر کو کچھ اضلاع میں بوندا باندی یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی اور 10 اکتوبر سے موسم صاف ہو جائے گا۔ اب تک مانسون گوالیار، شیوپور، مرینا، بھنڈ، دتیا، شیو پوری، گنا، آگر مالوا، نیمچ، مندسور اور رتلام سے رخصت ہو چکا ہے۔ مانسون راج گڑھ اور اشوک نگر کے کچھ حصوں سے بھی روانہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب مانسون کی روانگی کے لیے حالات سازگار ہونے جا رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن