اسلام آباد، 7 اکتوبر (ہ س)۔ پاکستان کے سندھ کے شکار پور ضلع میں منگل کی صبح ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے میں جعفر ایکسپریس کی چار بوگیاں پٹری سے اترنے سے کم از کم سات افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال اور سول ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
اخبار ڈان نے شکارپور کے ڈپٹی کمشنر شکیل ابڑو کے حوالے سے بتایا کہ یہ دھماکہ آج صبح 8 بج کر 15 منٹ پر ریلوے ٹریک پر اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس سلطان کوٹ ریلوے اسٹیشن سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر گزر رہی تھی۔ دھماکے سے ٹرین کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس سے سات افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے چار کو کمبائنڈ ملٹری اسپتال لے جایا گیا، جب کہ باقی تین کو شکارپور کے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس جیکب آباد کے راستے کوئٹہ جارہی تھی۔
ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر (ڈی ٹی او) محسن علی سیال نے بتایا کہ پٹری سے اترنے والی بوگیوں کے مسافروں کو قریبی اسٹیشنوں پر پہنچا دیا گیا اور ٹریک کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا۔
دریں اثنا، شکارپور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شاہ زیب چاچڑ نے بتایا کہ ٹرین باقی کوچز کے ساتھ جیکب آباد کے لیے روانہ ہوئی۔ دھماکے میں کوئٹہ سے جیکب آباد جانے اور آنے والی ٹرینوں کے ذریعے استعمال ہونے والے سنگل ٹریک کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جیکب آباد اور شکارپور میں پولیس مجرموں کی تلاش کر رہی ہے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔ شاہ نے کمشنر لاڑکانہ کو زخمیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی