
سیمی فائنل میں شکست پر ایلسا ہیلی بولیں، ہم نے خود ہی اپنے لیے مشکلات پیدا کیں
نوی ممبئی، 31 اکتوبر (ہ س)۔ خواتین ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کے سیمی فائنل میں ہندوستان کے ہاتھوں شکست کے بعد آسٹریلیائی کپتان ایلسا ہیلی نے کہا کہ ان کی ٹیم نے یہ میچ خود اپنے ہاتھوں سے گنوا دیا۔ ہیلی نے میچ کے بعد کہا، ’’اچھا مقابلہ تھا، لیکن ایمانداری سے کہوں تو ہم نے خود ہی اپنے لیے مشکلات پیدا کیں۔ شاید پہلی بار ایسا لگا کہ ہم اپنی غلطیوں کی وجہ سے میچ ہار گئے ہیں۔ ہم بلے بازی سے میچ کو آخر تک نہیں لے جا سکے، گیندبازی اتنی درست نہیں رہی اور فیلڈنگ میں تین آسان کیچ چھوڑ دیے، پھر بھی ہم آخری اوور تک برقرار رہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم نے مقابلہ کیا، لیکن آخر میں ہم سے بہتر ٹیم جیت گئی۔‘‘
آسٹریلیا نے ایک موقع پر 34ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر 220 رن بنا لیے تھے اور لگ رہا تھا کہ ٹیم 350 کے پار جائے گی، لیکن مسلسل وکٹیں گرنے کی وجہ سے پوری ٹیم 338 رن پر 49.5 اوورز میں آل آوٹ ہو گئی۔ فیلڈنگ میں ٹیم نے تین کیچ چھوڑے، جن میں سے دو جیمما روڈریگز کے تھے، جنہوں نے نہایت شاندار 127 رنوں کی ناٹ آوٹ اننگز کھیل کر ہندوستان کو ریکارڈ چیس میں مدد دی۔ ہیلی نے کہا، ’’ہم نے مواقع پیدا کیے، دباو بھی بنایا، لیکن انہیں بھنا نہیں سکے۔ اس میں میری بھی غلطی ہے۔ آسٹریلیا ہمیشہ فیلڈنگ پر فخر کرتا ہے، لیکن آج ہم اس معیار پر پورے نہیں اترے۔ شاید اسی وجہ سے یہ شکست زیادہ تکلیف دہ ہے۔‘‘
انہوں نے اس شکست کا موازنہ پچھلے سال کے ٹی20 ورلڈ کپ سیمی فائنل سے کیا، جب آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ نے ہرا دیا تھا۔ ہیلی نے کہا، ’’وہ بھی ایسا ہی محسوس ہوا تھا۔ ہم اپنے انداز میں نہیں کھیلے۔ لیکن ہم اس سے سبق لیں گے اور آئندہ کی ایک روزہ کرکٹ میں بہتری لائیں گے۔‘‘
حالانکہ شکست سے ہیلی مایوس تھیں، لیکن اپنی ٹیم کے کارنامے پر فخر محسوس کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کرکٹ کھیلی۔ لیکن سیمی فائنل ناک آوٹ ہوتا ہے۔ اگر اس دن آپ تھوڑی سی بھی غلطی کر دیں، تو کوئی بھی ٹیم آپ کو ہرا سکتی ہے۔ پھر بھی میں اپنی ٹیم پر فخر کرتی ہوں۔ ہر میچ میں کسی نہ کسی کھلاڑی نے آگے آ کر ذمہ داری نبھائی۔‘‘
ہیلی نے اگلی نسل کے آسٹریلیائی کھلاڑیوں کی بھی تعریف کی، خاص طور پر فوبے لیچ فیلڈ کی، جنہوں نے سیمی فائنل میں 119 رنوں کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط آغاز دیا۔ انہوں نے کہا، ’’فوبے شاندار رہیں۔ اس نے ہمیں بہترین آغاز دیا اور پھر سنچری بنا کر میچ کو آگے بڑھایا۔ اگلے چار سالوں میں اسے اور باقی نوجوان کھلاڑیوں کو دیکھنا بہت دلچسپ ہوگا۔‘‘
35 سالہ ہیلی نے یہ بھی تصدیق کی کہ یہ ان کا آخری ون ڈے ورلڈ کپ تھا۔ انہوں نے کہا، ’’میں اب اگلے ون ڈے ورلڈ کپ کا حصہ نہیں رہوں گی۔ اگلے مرحلے میں نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع ملیں گے اور یہ آسٹریلیائی کرکٹ کے لیے حوصلہ افزا وقت ہوگا۔ ہم اس شکست سے سبق لیں گے، بہتر بنیں گے اور آگے بڑھیں گے۔‘‘
ہندوستان نے اس میچ میں 339 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے خواتین ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی چیس مکمل کی اور فائنل میں جگہ بنائی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن