سوشل ورک شعبہ میں ممتاز سابق طلبہ کے ساتھ مکالماتی اور مینٹورشپ سیشن منعقد
علی گڑھ, 3 اکتوبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سوشل ورک نے اپنے ممتاز سابق طلبہ کے ساتھ ایک مفید اور بامقصد انٹرایکشن و مینٹرشپ سیشن منعقد کیا، جس میں طلبہ کو پیشہ ورانہ رہنمائی اور عملی تجربات فراہم کئے گئے۔ پہلے سیشن میں شعبہ کے سابق طالب
سوشل ورک شعبہ میں ممتاز سابق طلبہ کے ساتھ مکالماتی اور مینٹورشپ سیشن منعقد


علی گڑھ, 3 اکتوبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سوشل ورک نے اپنے ممتاز سابق طلبہ کے ساتھ ایک مفید اور بامقصد انٹرایکشن و مینٹرشپ سیشن منعقد کیا، جس میں طلبہ کو پیشہ ورانہ رہنمائی اور عملی تجربات فراہم کئے گئے۔

پہلے سیشن میں شعبہ کے سابق طالب علم ڈاکٹر آفتاب عالم (2002-4بیچ)، سینئر منیجر ایچ آر اور ویلفیئر آفیسر، بھارت ہیوی الیکٹریکلز لمیٹڈ (بی ایچ ای ایل)، جھانسی نے ہیومن ریسورس مینجمنٹ میں اپنے وسیع تجربے کی روشنی میں ایم ایس ڈبلیو کے دوران سیکھے گئے علم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کورس طلبہ کو ایسی مہارتوں سے لیس کرتا ہے جو عملی میدان میں کامیابی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔

دوسرے سیشن میں جناب محمد اشرف پرویز، اسٹیٹ پروگرام منیجر، پروجیکٹ کنسرن ایجوکیشن، بہار نے اپنے دو دہائیوں پر محیط تجربات طلبہ کے سامنے بیان کئے جن میں یونیسف اور دیگر معروف اداروں کے ساتھ ان کی خدمات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے صحتِ عامہ، تغذیہ، اور کمیونٹی آؤٹ ریچ پر مبنی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پائیدار ترقی اور استعداد کار میں اضافہ، وقتی اقدامات سے کہیں زیادہ مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔

تقریب کی نظامت فیکلٹی آف سوشل سائنس کے ڈین اور شعبہ کے چیئرمین پروفیسر اکرام حسین نے کی۔ ان کے ہمراہ فیکلٹی اراکین ڈاکٹر قرۃ العین علی، ڈاکٹر شائینہ سیف، ڈاکٹر محمد عارف خان، ڈاکٹر عندلیب، ڈاکٹر محمد عذیر، ڈاکٹر سمیرہ خانم اور ڈاکٹر انعم آفتاب موجود رہے۔

آخر میں ڈاکٹر محمد طاہر نے اظہارِ تشکر کیا۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande