
کولکاتہ، 28 اکتوبر (ہ س)
مغربی بنگال کی سیاست میں ایک نیا تنازعہ اس وقت کھڑا ہوگیا جب یہ انکشاف ہوا کہ ترنمول کانگریس کے ایک کونسلر کے پاس دو مختلف اسمبلی حلقوں سے جاری کردہ ووٹر شناختی کارڈ ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جنوبی 24 پرگنہ ضلع کی باروئی پور میونسپلٹی کی وارڈ نمبر 7 کونسلر نمیتا سردار بیک وقت دو اسمبلی حلقوں — باروئی پور ویسٹ اور کلتلی کی ووٹر لسٹوں میں درج ہیں۔
دونوں اسمبلی حلقے ایک ہی ضلع میں آتے ہیں جس کی وجہ سے معاملہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔ انتخابی قواعد کے مطابق، ایک شخص کو ایک وقت میں صرف ایک اسمبلی حلقے میں ووٹر کے طور پر رجسٹر کیا جا سکتا ہے۔ اس لیے نمیتا سردار کا دو جگہوں پر اندراج نہ صرف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ الیکشن رولز ایکٹ 1950 کے تحت قابل سزا جرم ہے۔
اس واقعے کے بعد اپوزیشن نے ترنمول کانگریس پر انتخابی دھاندلی کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ یہ ذاتی فائدے کے لیے نظام میں ہیرا پھیری کی مثال ہے۔ حزب اختلاف کے رہنما اور سینئر بی جے پی ایم ایل اے سبھیندوادھیکاری نے الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی ہے، جس میں دونوں ووٹر لسٹوں اور متعلقہ دستاویزات کی کاپیاں منسلک کی گئی ہیں۔
غور طلب ہے کہ نمیتا سردار کے شوہر بباش سردار ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی ہیں جو باروئی پور (ایسٹ) اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس سے معاملہ سیاسی طور پر اور بھی حساس ہو گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ بنگال میں ووٹر لسٹ کی مکمل نظر ثانی شروع کردی گئی ہے۔ یہ شکایت اس سے پہلے موصول ہوئی تھی، مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ