
پونے میں القاعدہ سے روابط کے الزام میں شخص گرفتار، 4 نومبر تک تحویل
ممبئی،
28 اکتوبر (ہ س)۔ مہاراشٹر اے ٹی ایس نے پونے کے کونڈوا علاقے سے زبیر ہنگرگیکر نامی
ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ ممنوعہ تنظیم القاعدہ سے
وابستہ اور شدت پسند سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ عدالت نے اسے 4 نومبر تک اے ٹی ایس کی
تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
اے ٹی ایس
کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سوموار کو ہنگرگیکر کے گھر
پر چھاپہ مارا گیا۔ دورانِ تلاشی اہلکاروں نے اس کے قبضے سے متعدد الیکٹرانک آلات،
اشتعال انگیز مواد اور بعض اہم دستاویزات ضبط کیں۔ بعد ازاں ملزم کو گرفتار کر کے
عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اسے تفتیشی حراست میں دے دیا گیا۔
افسر کے
مطابق، یہ گرفتاری 9 اکتوبر کو پونے میں کی گئی ایک وسیع تلاشی کارروائی کا تسلسل
ہے، جس میں اے ٹی ایس نے دہشت گردی سے متعلق کئی مقامات سے مواد اور لٹریچر برآمد
کیا تھا۔ اسی دوران زبیر ہنگرگیکر کا نام مبینہ طور پر سامنے آیا، جس کے بعد اس کے
خلاف مزید ثبوت اکٹھے کیے گئے۔
حکام نے
کہا کہ ملزم سے پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ اس کے ممکنہ نیٹ ورک، بیرونی روابط اور
سرگرمیوں کا پتہ لگایا جا سکے۔ اے ٹی ایس کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ مواد اور آلات کا
فارنسک تجزیہ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردی سے متعلق کسی بین الاقوامی لنک کی
تصدیق ہو سکے۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے