
لیہہ پرتشدد واقعات کی آج سے عدالتی تحقیقات شروع ہوگی
لداخ، 25 اکتوبر (ہ اس)۔ لیہہ میں 24 ستمبر کو پیش آئے پُرتشدد واقعات کی عدالتی تحقیقات آج سے شروع ہو گی جس دوران متاثرین اور فریقین کو اپنے بیانات عدالتی کمیشن کے سامنے پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ مرکزی حکومت نے 17 اکتوبر کو لداخ کے احتجاجی گروپوں کے ایک اہم مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سابق جج کی سربراہی میں لیہہ جھڑپوں کی عدالتی تحقیقات کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ ان جھڑپوں میں چار افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔جن میں 1999 کی کرگل جنگ کے ایک سابق فوجی بھی شامل ہیں۔
محکمہ قانون و انصاف کے کنسلٹنٹ قریشی طارق محمود کی جانب سے جمعہ کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لیہہ ٹاؤن میں 24 ستمبر کے واقعے سے متعلق عدالتی انکوائری 25 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک میلونگتھنگ میں واقع متبادل تنازعات تصفیہ مرکز میں منعقد ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں مزید ہدایت دی گئی ہے کہ تحقیقات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں، جبکہ متاثرہ اور دلچسپی رکھنے والے افراد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عدالتی کمیشن کے ارکان کے روبرو اپنے بیانات ریکارڈ کرائیں۔
قابل ذکر ہے کہ ریاستی درجہ اور چھٹے شیڈول کے تحت آئینی تحفظ کے مطالبے پر ہونے والے احتجاج کے دوران سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ میں چار شہری ہلاک اور نوے سے زائد زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد خطے میں کئی ماہ سے جاری عوامی احتجاج نے مزید شدت اختیار کر لی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر