
مدھیہ پردیش کے اندور ایئرپورٹ کی درجہ بندی گری، سروس کوالٹی سروے میں ملک میں چوتھے نمبر پر پہنچا
اندور، 24 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں واقع دیوی اہلیابائی ہولکر بین الاقوامی ایئرپورٹ کی درجہ بندی میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ ایئرپورٹ سروس کوالٹی (اے ایس کیو) سروے کی تیسری سہ ماہی (جولائی سے ستمبر) کی رپورٹ کے مطابق اندور ایئرپورٹ ملک میں ایک پائدان نیچے کھسک کر چوتھے مقام پر پہنچ گیا ہے۔
گزشتہ سہ ماہی میں یہ تیسرے مقام پر تھا جبکہ پہلی سہ ماہی میں بھی چوتھے مقام پر رہا تھا۔ اندور ایئرپورٹ کو اپنی ایشیا پیسیفک کی درجہ بندی میں بھی پانچ مقام کا نقصان ہوا ہے۔ اس فہرست میں ایشیا۔ بحرالکاہل کے 98 ایئرپورٹس میں اندور 58ویں مقام سے پھسل کر 63ویں مقام پر آ گیا ہے۔ در اصل، ایئرپورٹ انتظامیہ نے جمعرات کی رات ایئرپورٹ سروس کوالٹی (اے ایس کیو) سروے کی رپورٹ جاری کی، جس میں اندور ایئرپورٹ کو چوتھی درجہ بندی ملی ہے۔ اسے کل پانچ میں سے 4.93 نمبر حاصل ہوئے ہیں، جبکہ پونے کو 4.96 نمبر ملے ہیں۔ ملک میں فی الحال پونے پہلے، جبکہ گوا اور وارانسی کے ایئرپورٹ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ گوا اور وارانسی سے اندور ایئرپورٹ کے نمبروں میں محض 0.1 کا فرق ہے۔ گوا اور وارانسی کو 4.94 نمبر ملے ہیں۔ اندور کو دوسری سہ ماہی میں بھی اتنے ہی نمبر ملے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ ایئرپورٹ پر سالانہ مسافروں کی تعداد 18 لاکھ سے زیادہ ہونے پر ایئرپورٹ کونسل انٹرنیشنل (اے سی آئی) کی جانب سے ایئرپورٹ سروس کوالٹی (اے ایس کیو) سروے کیا جاتا ہے۔ اسے بین الاقوامی درجہ بندی سروے بھی کہا جاتا ہے۔ ایشیا پیسیفک کے 18 ممالک کے کل 98 ایئرپورٹس پر یہ سروے ہوتا ہے۔ اس کے تحت ہندوستان کے 16 بڑے ایئرپورٹس آتے ہیں۔ اس میں ٹیم کے اراکین آ کر ایئرپورٹ پر مسافروں سے فیڈ بیک لیتے ہیں۔ ہندوستان کے باقی گھریلو ایئرپورٹس پر کسٹمر سیٹسفیکشن سروے کیا جاتا ہے۔ کچھ سال پہلے اندور گھریلو ایئرپورٹس کی فہرست میں ٹاپ 10 میں رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن