کٹرا لینڈ سلائیڈنگ پر عدالت نے پولیس سے کارروائی رپورٹ طلب کی
کٹرا لینڈ سلائیڈنگ پر عدالت نے پولیس سے کارروائی رپورٹ طلب کی جموں، 24 اکتوبر (ہ س)۔ شری ماتا ویشنو دیوی یاترا کے دوران پیش آئے سانحہ کے سلسلے میں جموں و کشمیر کی ایک عدالت نے پولیس سے کارروائی رپورٹ طلب کی ہے۔ یہ مقدمہ اُس شکایت کے بعد سامنے آیا
کٹرا لینڈ سلائیڈنگ پر عدالت نے پولیس سے کارروائی رپورٹ طلب کی


کٹرا لینڈ سلائیڈنگ پر عدالت نے پولیس سے کارروائی رپورٹ طلب کی

جموں، 24 اکتوبر (ہ س)۔ شری ماتا ویشنو دیوی یاترا کے دوران پیش آئے سانحہ کے سلسلے میں جموں و کشمیر کی ایک عدالت نے پولیس سے کارروائی رپورٹ طلب کی ہے۔ یہ مقدمہ اُس شکایت کے بعد سامنے آیا ہے جس میں شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ (ایس ایم وی ڈی ایس بی) کے افسران پر مجرمانہ غفلت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن کے باعث 34 تیرتھ یاتری لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

یہ المناک واقعہ 26 اگست کو ضلع ریاسی کے ادھکواری مقام پر اس وقت پیش آیا جب تریکوٹہ پہاڑیوں میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ واقعے کے بعد لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 29 اگست کو تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تاکہ حادثے کے اسباب اور ذمہ داریوں کا تعین کیا جا سکے۔

کٹرا کے سب جج سدھانت وید نے اپنے حکم میں کہا کہ چونکہ درخواست دائر کیے جانے کے بعد ڈیڑھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، اس لیے بی این ایس ایس کی دفعہ 175 (4) کے تحت کارروائی سے قبل ریاسی کے ایس ایس پی اور بھون پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سے کارروائی رپورٹ طلب کی جاتی ہے۔

عدالت نے اپنے مشاہدات میں کہا کہ بی این ایس ایس کی دفعہ 175(3) کے تحت مجسٹریٹ کسی درخواست پر غور اور پولیس کی پیش کردہ رپورٹ کی بنیاد پر باضابطہ تفتیش کا حکم جاری کر سکتا ہے۔

شکایت کنندہ روہت بالی کی جانب سے دائر درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 25 اور 26 اگست کو محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید بارش اور ممکنہ سیلاب کے ریڈ الرٹ کے باوجود شرائن بورڈ کے افسران نے یاترا کو معطل کرنے یا عقیدت مندوں کے لیے کوئی حفاظتی ہدایت جاری کرنے میں غفلت برتی ۔

درخواست میں بی این ایس کی دفعات 105 اور 106 سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

عدالت نے اپنے حکم میں ہدایت دی کہ شکایت کی کاپی اور عدالتی حکم ایس ایس پی ریاسی اور ایس ایچ او بھون پولیس اسٹیشن کو روانہ کیا جائے تاکہ وہ دو ہفتوں کے اندر اپنی کارروائی رپورٹ عدالت کے روبرو پیش کریں۔

واضح رہے کہ شکایت کنندہ نے اس سے قبل 28 اگست کو ادھکواری پولیس چوکی اور بھون پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دی تھی، تاہم کارروائی نہ ہونے پر 16 ستمبر کو ایس ایس پی ریاسی کو تحریری نمائندگی پیش کی گئی تھی۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ بی این ایس ایس کی دفعہ 175(3) کے تحت مجسٹریٹ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ درخواست اور پولیس رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد دفعہ 210 کے تحت باضابطہ تحقیقات کا حکم دے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande