پورٹوروز، 21 اکتوبر (ہ س)۔ فرانس کے صدر ایمانویل میکروں نے اتوار کو کہا کہ یوکرین کے صدر وولادیمیر زیلنسکی آئندہ 24 اکتوبر کو لندن میں ہونے والی ’’کویلشن آف دی ولنگ‘‘ کی میٹنگ میں حصہ لیں گے۔ یہ میٹنگ یوکرین کے اتحادی ممالک کی ہے جو روس کے خلاف جنگ میں کیف کی حمایت مضبوط کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔
میکروں نے سلووینیا میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ’’اس جمعہ کو لندن میں ’’کویلشن آف دی ولنگ‘‘ کی میٹنگ ہوگی، جو جزوی طور پر ورچوئلی اور جزوی طور سے براہ راست ہوگی اور صدر زیلنسکی اس میں موجود رہیں گے۔‘‘
یہ اتحاد فرانس اور برطانیہ نے اس سال فروری میں قائم کیا تھا۔ تب سے اب تک اس کے کئی دور کی بات چیت ہو چکی ہے، جن کا مقصد یوکرین کو دی جا سکنے والی فوجی امداد کی حکمت عملی طے کرنا اور ممکنہ جنگ بندی کے بعد روس کو دوبارہ حملہ کرنے سے روکنے کی منصوبہ بندی کرنا ہے۔
اسی دوران صدر زیلنسکی نے 20 اکتوبر کو اپنے حالیہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو ’’کامیاب‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملاقات سے نئی فضائی دفاعی نظاموں کی فراہمی میں پیش رفت ہوئی ہے۔ حالانکہ بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں زیلنسکی کے ساتھ نازیبا زبان استعمال کی تھی۔
ماہرین کے مطابق لندن کی میٹنگ میں نئے ہتھیاروں کے تعاون، فضائی تحفظ اور جنگ کے بعد کے حفاظتی ڈھانچے پر اہم گفتگو ہونے کا امکان ہے۔ یہ میٹنگ ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب یوکرین مغربی ممالک سے اپنے دفاعی تعاون کو برقرار رکھنے کے لیے بین الاقوامی سفارتی کوششوں میں تیزی لا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن