جموں, 18 اکتوبر (ہ س)۔ ریلوے حکام نے آنے والے تہواروں کے موسم کے پیش نظر جموں ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی اور نگرانی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا ہے تاکہ مسافروں کے محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔
گزشتہ روز سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگھل کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے اسٹیشن کا تفصیلی معائنہ کیا اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ سیکورٹی کے پیش نظر فورسز کی مناسب تعیناتی کی گئی ہے جبکہ اسٹیشن بھر میں لگج اسکینرز، میٹل ڈیٹیکٹرز اور اضافی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کو بڑھایا گیا ہے۔
ٹیم نے پینے کے پانی کی دستیابی، بیت الخلا کی صفائی اور ویٹنگ رومز کی حالت کا معائنہ کیا۔ اسٹاف کو ہدایت دی گئی کہ وہ صفائی برقرار رکھیں، مسافروں کی فوری مدد کریں اور اپنی ڈیوٹی مؤثر انداز میں انجام دیں۔
اس موقع پر ہیلپ ڈیسک، معلوماتی ڈسپلے بورڈز، ٹکٹ چیکنگ کاؤنٹرز اور انکوائری دفاتر کا بھی معائنہ کیا گیا۔ عملے کو ہدایت دی گئی کہ وہ الرٹ رہیں اور ٹرینوں کے شیڈول اور پلیٹ فارم سے متعلق باقاعدہ اعلانات کریں۔
تہواروں کے دوران ممکنہ بھیڑ کو مدنظر رکھتے ہوئے لفٹوں اور ایسکیلیٹرز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ مسافروں کی آمد و رفت میں آسانی رہے۔
اُچت سنگھل نے کھانے کے اسٹالز کا بھی معائنہ کیا، جہاں صفائی، معیار، لائسنس کی نمائش اور نرخ ناموں کی جانچ کی گئی۔ انہوں نے وینڈرز کو ہدایت دی کہ وہ وردی میں رہیں اور مکمل صفائی برقرار رکھیں۔
سنگھل نے کہا کہ ریلوے ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ رش پر قابو پانے اور ٹرینوں کی بلا تعطل آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں۔
انہوں نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ سفر کے دوران آتش بازی کا سامان، ماچس یا کوئی بھی قابلِ اشتعال مواد ساتھ نہ لے جائیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ریلوے پروٹیکشن فورس یا ہیلپ لائن نمبر 139 پر دیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر