گیون لارسن دوبارہ نیوزی لینڈ کے سلیکشن مینیجر بنے
ویلنگٹن، 17 اکتوبر (ہ س)۔ نیوزی لینڈ کے سابق تیز گیند باز گیون لارسن ایک بار پھر ٹیم کے انتخابی مینیجر کے طور پر واپس آگئے ہیں۔ انہوں نے سیم ویلز کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔ لارسن اس سے پہلے 2015 سے 2023 تک اسی کردار میں رہ چکے ہیں، جس کے بعد انہوں نے انگلینڈ کے کلب واریکشائر میں پرفارمنس ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا تھا۔
61 سالہ لارسن حال ہی میں باسکٹ بال ٹیم نیلسن جائنٹس سے وابستہ ہوئے تھے۔ اب وہ نیوزی لینڈ ٹیم کے چیف کوچ راب والٹر کے ساتھ مل کر نیوزی لینڈ، نیوزی لینڈ اے اور نیوزی لینڈ الیون کے تمام دوروں کے لیے ٹیم کے انتخاب کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
اپنی تقرری پر لارسن نے ایک سرکاری بیان میں کہا، ’’بلیک کیپس اور قومی ہائی پرفارمنس ماحول میں دوبارہ واپسی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ میں نیوزی لینڈ کرکٹ کے بارے میں بے حد پرجوش ہوں اور ایک بار پھر اعلیٰ سطح پر کردار ادا کرنے کا موقع ملنا انتہائی دلچسپ ہے۔ میں اس گرمی سے کام شروع کرنے کے لیے پُرجوش ہوں اور ٹیم کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہوں۔‘‘
نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) کے چیف ہائی پرفارمنس افسر ڈیرل گبسن نے کہا کہ لارسن کا تجربہ اور جدید کھیل کی سمجھ انہیں اس عہدے کے لیے موزوں بناتی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’گیون کی اس کردار سے واقفیت اور ذمہ داریوں کی گہری سمجھ نے ان کے انتخاب میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ ان کا جذبہ، توانائی اور دوبارہ کردار ادا کرنے کی خواہش نے ہمیں متاثر کیا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ انتخابی ماڈل میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ٹیم کے انتخاب پر آخری فیصلہ چیف کوچ راب والٹر کا ہی ہوگا، جب کہ لارسن ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ لارسن 3 نومبر سے باضابطہ طور پر اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن