بالی ووڈ کی سب سے ہٹ کامیڈی فلموں میں سے ایک ”نو انٹری‘ کے سیکوئل ”نو انٹری 2“ کے بارے میں مداح پرجوش ہیں۔ تاہم حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ خبریں منظر عام پر آئیں کہ اداکار ورون دھون نے فلم سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ دلجیت دوسانجھ کے پہلے سے باہر ہونے کے بعد، ورون کے باہر جانے کی قیاس آرائیوں نے مداحوں کو مایوس کیا۔ ان افواہوں کا دور اتنا تیز ہوا کہ پروڈیوسر بونی کپور کوخود سامنے آکر اس معاملے پر وضاحت کرنی پڑی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں، بونی کپور نے ان افواہوں کو ختم کرتے ہوئے کہا، ”ہم نو انٹری میں اب بھی انٹری کر رہے ہیں۔فلم میں ورون دھون اور ارجن کپور مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، ہم اپنے تیسرے ہیرو اور باقی اداکروں کو فائنل کرنے کے عمل میں ہیں۔“ بونی کے اس بیان نے واضح کیا کہ ورون دھون فلم سے دستبردار نہیں ہوئے ہیں اور پروجیکٹ پر کام زوروں پر ہے۔ اس سے قبل ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ورون نے ’بھیڑیا 2‘ کے شیڈول کی وجہ سے ’نو انٹری 2‘ چھوڑ دی تھی۔ تاہم اب پروڈیوسر کے بیان کے بعد یہ خبریں مکمل طور پر بے بنیاد ثابت ہوئی ہیں۔
اگرچہ ”نو انٹری 2“ کی کہانی اور کاسٹنگ کے بارے میں زیادہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں، لیکن ذرائع بتاتے ہیں کہ فلم میں پچھلی قسط سے بھی زیادہ کامیڈی، کنفیوژن اور سنسنی پر ہوگی۔ غور طلب ہے کہ 2005 میں انیس بزمی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ”نو انٹری“ بلاک بسٹر ہٹ ثابت ہوئی تھی۔ سلمان خان، انل کپور، فردین خان، لارا دتہ، بپاشا باسو، اور سیلینا جیٹلی جیسے ستاروں نے شائقین کو اپنی بہترین کامیڈی ٹائمنگ سے خوب محظوظ کیا تھا۔ اب اس کے سیکوئل سے توقعات اور بھی بڑھ گئی ہیں۔ شائقین کا کہنا ہے کہ اگر ورون دھون اور ارجن کپور کی جوڑی وہی تفریحی ماحول دوبارہ بناتی ہے تو ”نو انٹری 2“ ایک بار پھر سینما گھروں میں ہنسی کا طوفان برپا کر سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد