ایڈیڈاس نے نئے ایف 1 سیزن کے لیے مرسڈیز کے ساتھ ملایا ہاتھ
برلن، 8 جنوری (ہ س)۔ جرمن اسپورٹس ویئر بنانے والی کمپنی ایڈیڈاس نے منگل کو مرسڈیز-اے ایم جی پیٹروناس فارمولا ون(ایف 1) ٹیم کے ساتھ کثیر سالہ شراکت کا اعلان کیا۔ اس تعاون کے تحت ٹیم 2025 ایف آئی اے فارمولہ ون ورلڈ چیمپئن شپ میں حصہ لے گی۔ جس میں مارچ میں ہونے والی ایف 1 چائنا گرینڈ پرکس بھی شامل ہے۔ مرسڈیز- اے ایم جی پیٹروناس ایف 1 ٹیم کے آفیشل ٹیم پارٹنر کے طور پر ایڈیڈاس ڈرائیوروں، مکینکس اور انجینئروں سمیت پوری ٹیم کے لیے کارکردگی اور انداز کو ملا کر ایک مکمل سیریز تیار کرے گا۔
ایڈیڈاس کے سی ای او بیجورن گلڈن نے ایک سرکاری بیان میں کہا، ’’ہم موٹرسپورٹ کی دنیا میں واپس آکر بہت خوش ہیں۔ ہم دونوں رفتار، اختراع اور کارکردگی کے لیے جنون شیئر کرتے ہیں۔ ہم ڈرائیوروں اور ٹیموں کو ٹریک پر حدود کو آگے بڑھانے میں مدد کریں گے۔‘‘
2025 ایف 1سیزن 14 سے 16 مارچ تک آسٹریلین گراں پری کے ساتھ شروع ہوگا، جس میں سال بھر میں 24 ریسیں ہوں گی۔ سیزن کا دوسرا اسٹاپ، چائنیز گرینڈ پرکس، 21 سے 23 مارچ تک شنگھائی میں ہوگا۔ یہ شہر سیزن کی پہلی ایف 1 سپرنٹ ریس اور ایف 1 اکیڈمی کے افتتاحی راونڈ کی میزبانی بھی کرے گا، جس میں صرف خواتین شامل ہوں گی۔ سرکاری ایف 1 کے اعدادوشمار کے مطابق چین میں ایف 1 کے شائقین کی تعداد 150 ملین سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں سے نصف سے زیادہ نے گزشتہ چار سالوں میں اس کھیل کو فالو کرنا شروع کر دیا ہے۔ ملک میں ایف 1 آن لائن شائقین کی تعداد 4.3 ملین تک پہنچ گئی ہے، جس میں سالانہ 1 ملین سے زائد اضافہ ہورہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن