نئی دہلی، 7 جنوری (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے منگل کو دہلی اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ پارٹی نے دہلی کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسی حکومت کو منتخب کریں جو ایک ترقی یافتہ دہلی بنائے۔
بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ میں یہاں کے لوگوں سے ایک ایسی حکومت کو منتخب کرنے کی اپیل کرتا ہوں جو’وکستدلی‘ بنائے اور لوگوں کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں بی جے پی انتیودیا کے عزم کے ساتھ دہلی کی مجموعی ترقی کے لئے پرعزم ہے۔
قابل ذکر ہے کہ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے اپنے ساتھی الیکشن کمشنروں کے ساتھ منگل کو یہاں وگیان بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دہلی اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کا گزٹ نوٹیفکیشن 10 جنوری کو جاری کیا جائے گا۔ نامزدگی کی آخری تاریخ 17 جنوری ہوگی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی تاریخ 18 جنوری ہوگی۔ 20 جنوری تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکتے ہیں۔ ووٹنگ 05 فروری کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 فروری کو ہوگی۔
دہلی اسمبلی کے 2020 کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 62 سیٹیں جیتی تھیں جبکہ بی جے پی صرف 8 سیٹیں جیت سکی تھی۔ دہلی میں تقریباً ڈیڑھ دہائی تک برسراقتدار رہنے والی کانگریس گزشتہ دو اسمبلی انتخابات میں بھی اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہی۔ اس بار آپ نے تمام 70 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ کانگریس نے اب تک کل 48 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے، جب کہ بی جے پی نے ہفتہ کو 29 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد